نئی دہلی(ملت ٹائمز)
مسلم تنظیموں کے ایک اعلی سطحی وفد نے آج جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر نصرت علی صاحب کی قیادت میں ٹرین میں مار پیٹ کئے گئے مسلم نوجونوں کے گاﺅں کھنڈاولی، ہریانہ کا دورہ کیا اور مرحوم جنید کے والد، داد ااور دیگر اعزہ سے ملاقات کرکے ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کی۔ وفد نے مرحوم جنید کے والد جلال الدین، دادا حاجی اعظم خاں،سانحہ میں زخمی ہوئے بھائی محمد ہاشم سے ملاقاتیں کیں۔ وفد میں جماعت کے نائب امیر مولانا نصرت علی، جناب نوید حامد صدر مسلم مجلس مشاوت ،ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس، صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا،جناب عبدالوحیدامیر حلقہ جماعت اسلامی ہنددہلی و ہریانہ، جناب اے یو آصف ایڈیٹر چوتھی دنیا،جناب انوار احمد سکریٹری ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس دہلی یونٹ، جناب اشتیاق احمد بلبھ گڑھ، جناب ابوذر غفاری کھنڈاولی شریک تھے۔
وفد نے متاثرین سے مرحوم جنید کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا، انہیں ہر قسم کی مدد اور تعاون کا یقین دلایا اور دہلی و ہریانہ جماعت کے امیر عبدالوحیدصاحب نے فوری طور پر متاثر خاندان کو زخمیوں کے علاج و معالجہ کے لیے پچیس ہزار(25000)روپے بھی پیش کیے۔ اس موقعہ پر علاقے کے ایم ایل اے پنڈت ٹیک چند شرما، وقف بورڈ کے چیرمین چودھری رئیس خان بھی موجود تھے۔ وفد نے حکومت ہریانہ سے مطالبہ کیاکہ وہ مجرمین کی فوری نشاندہی کرے اورانہیں گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائے۔ حکومت ہریانہ متاثر خاندان کو بھر پور معاوضہ دے، آل انڈیا انٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں زیر علاج زخمی محمد شاکر کے علاج معالجہ کی پوری ذمہ داری لے۔ وفد نے ریلوے انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ غازی آبادو متھرا کے درمیان چلنے والی ای ایم یو شٹل میں پولیس کا معقول انتظام کرے۔ وفد نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ گزشتہ چند سالوں سے پورے ملک بطور خاص بی جے پی کی زیر انتظام ریاستوں میں اس قسم کے فرقہ وارانہ واقعات میں بتدریج اضافہ ہی ہوتاجارہاہے اور شرپسند عناصر گروہ کی شکل میں قانون کو اپنے ہاتھ میں لے کر بے گناہوں پر حملے کررہے ہیں۔ وفد نے اس پر افسوس کا اظہار کیا کہ مجرمین کے خلاف کوئی سخت کارروائی سے گریز نے شرارت پسند عناصر کے حوصلے بڑھادیے اور ایسا محسوس ہورہاہے گویا مرکزی و ریاستی حکومتیں ان عناصر کی درپردہ حوصلہ افزائی کر رہی ہیں۔