مولانا ارشد مدنی کی جانب سے عید ملن تقریب کا سلسلہ جاری ،دہلی اور پٹنہ کے بعد دیوبند بھی میں پروگرام کا انعقاد

دیوبند(ملت ٹائمزسمیر چودھری)
جمعیة علماءہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ ہندوستان کثیر المذاہب ملک ہے جہاں مختلف مذاہب اور طبقات کے لوگ باہمی بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیںجو خوش آئندہ ہے کیونکہ باہمی ہم آہنگی ملک کی ترقی کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ مولانامدنی آج یہاں مجنوں والا روڈ پرواقع ایم ڈی پیلیس میں جمعیة علماءہند کی مقامی یونٹ کے زیراہتمام منعقد عید ملن کی تقریب میں صدارتی خطاب کررہے تھے۔ مولاناارشد مدنی نے کہا کہ ہندوستان میں رہنے والے لوگ ایک خاندان کی طرح ہے، خاندان میں جھگڑا ہو جائے تو خاندان تباہ ہو جاتا ہے، اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں تمام لوگوں کو آپسی محبت سے رہنا چاہئے تاکہ ملک ترقی کی بلندیوں پر پہنچ سکے۔انہوںنے کہاکہ ہمارا سیاست سے کوئی واسطے نہیں ہے ، ہم صرف مذہب کی بنیاد پر یہ محبت کا پیغام دے رہے ہیں کیونکہ کوئی بھی مذہب نفرت کو پسند نہیں کرتا ہے بلکہ تمام ہی محبت کا پیغام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید نہایت خوشیاں کا موقع ہوتا ہے جو گلے شکوے بھلا کر سب کو محبت سے گلے لگانے کی دعوت دیتا ہے ،اسلئے ہمیں عید کے پیغام کو دور دور تک پہنچا ناچاہئے تاکہ ملک میں آپسی بھائی چارہ باہمی آہنگی کو مضبوط کیا جاسکے۔ انہوں نے فرقہ پرست طاقتوں کو ملک کے امن وشانتی کے لئے نہایت مضر قرا ردیتے ہوئے کہاکہ ہم سب کو مل کر ایسی طاقتوں کی سازشوں کو ناکام کرناچاہئے جو ملک کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔ موصوف نے آپسی بھائی چارہ اور محبت و اخوت کو ملک کی امن وسلامتی کے لئے ناگزیر قرار دیا۔ عالمی روحانی تحریک کے سربراہ مولانا حسن الہاشمی نے کہا کہ تہوار باہمی ہم آہنگی کا پیغام دیتے ہیں،آپسی بھائی چارے کو فروغ دینے کے لئے ہمیں ایک دوسرے کی خوشیوں میںشامل ہونا چاہئے۔ پنڈت ستندر شرما، سیٹھ کلدیپ،سی او سدھارتھ سنگھ ،بی ایس پی لیڈر ماجد علی وغیرہ نے اپنے خطاب میں ہندوستان کی قدیم تاریخ اور یہاں کی تہذیب و تمدن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ آپسی میل ملاپ ہی ملک کی ترقی کا ذریعہ ہے اسلئے ہمیں فرقہ پرستوں کے جھانسہ آنے کے بجائے آپسی بھائی چارہ کو مضبوط کرنا چاہئے۔ نظامت کے فرائض جمعیة علماءدیوبند کے جنرل سکریٹری مفتی خادم الاسلام نے انجام دیئے ۔ آخر میں دیوبند یونٹ کے صدر حاجی محمد یٰسین نے تمام شرکاءکا شکریہ اداکیا۔اس موقع پر مولانا امجد مدنی،مولانا عادل قاسمی، چودھری شمشاد جنگ،قاری فوزان قاسمی، قاری راو¿ ساجد، قاری عرفان،راحت خلیل،سابق چیئرمین ضیاءالدین انصاری، ایوب بیگ،سید ندیم اطہر،چودھری حاجی محبوب وغیرہ سمیت کثیر تعداد میں معززین شہر نے شرکت کی۔