نئی دہلی(محمد قیصر۔ملت ٹائمز)
عظیم اتحاد میں جاری تنازع کے درمیان کانگریس صدر سونیا گاندھی نے مفاہمت کی کوششوں کے تحت نتیش کمار اور لالو پرساد سے بات چیت کی ہے، ذرائع کے مطابق انہوں نے دونوں رہنماو¿ں سے کم از کم پارلیمنٹ کے آئندہ سیشن میں ساتھ رہنے کی اپیل کی ہے، اس کے ساتھ ہی نائب صدر انتخابات میں ساتھ رہنے کی اپیل بھی کی ہے، ان سب کے درمیان ذرائع کے مطابق بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اگلے ہفتے کانگریس قیادت سے ملاقات کر سکتے ہیں، بہار کی حکمراں جماعت میں جے ڈی یو-آر جے ڈی کے علاوہ کانگریس ایک اہم اتحادی پارٹی ہے، دراصل اگلے ہفتے نتیش کمار دہلی آ رہے ہیں، ذرائع کے مطابق اگر کانگریس قیادت انہیں مدعو کرتی ہے تو وہ ان سے ضرور ملاقات کریں گے، جے ڈی یو ذرائع کے مطابق بہار کے حالات پر کانگریس قیادت کی مشورہ کے لئے ان کی پارٹی تیار ہے، اس کے ساتھ ہی 23 جولائی کو دہلی میں جے ڈی یو قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ ہونی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے بدعنوانی کے مقدمات میں سی بی آئی کیس درج ہونے کے بعدتیجسوی یادو کو خود کو پاک صاف ثابت کرنے کے لئے الٹی میٹم دیا ہے، نتیش نے صاف کر دیا ہے کہ وہ اتحادی لالو یادو اور ان کے بیٹے تیجسوی یادو سے کیا چاہتے ہیں،تیجسوی یادو بہار حکومت میں نمبر دو کی حیثیت رکھتے ہیں۔جے ڈی یو کے الٹی میٹم کے بعد آر جے ڈی لیڈر اور نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے کہا ہے کہ مجھ پر ایف آئی آر سیاسی سازش ہے،یہ عظیم اتحاد کو توڑنے کی کوشش ہے، مجھے پسماندہ ہونے کی سزا دی جا رہی ہے، لالو یادو کے خاندان پر چھاپہ ماری کے بعد پہلی ریاستی حکومت کی پہلی کابینہ میٹنگ میں حصہ لینے پہنچے تیجسوی یادو نے بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ یہ 28 سال کے نوجوان سے ڈرتے ہیں اور سوالیہ لہجے میں پوچھا کہ جن الزامات کی بات اپوزیشن کر رہی ہے تب ان کی عمر 13-14 سال کی تھی، ایسے میں کیا 13-14 سال کی عمر میں گھوٹالہ ممکن ہے ، انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اس مسئلے پر نہیں جھکے گی اور ضرورت پڑنے پر عوام کے درمیان جائیں گے۔