بیف کھانے کا سب کو اختیار ،مرکزی وزیراٹھاﺅلے کی گﺅ رکشکوں کو پھٹکار،سخت کارروائی کامطالبہ

ممبئی(ملت ٹائمز)
گﺅ رکشا کے نام پر ملک بھر میں تشدد کے واقعات کو لے کر مودی حکومت کے ہی ایک وزیر نے گﺅرکشکوں کو آڑے ہاتھوں لیاہے۔ مرکزی وزیر رام داس اٹھاﺅلے نے لوگوں کے ساتھ اس طرح کی زیادتی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کامطالبہ بھی کیاہے۔ اٹھاولے نے گﺅرکشکوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بیف کھانے کا سب کو حق ہے۔ انہوں نے گﺅرکشکوں سے کہا کہ گﺅرکشا کے نام پر بھکشک بننا ٹھیک نہیں ہے۔مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے اے این آئی سے کہا کہ گﺅرکشکوں کو شدید سزا دی جانی چاہئے، بیف کھانے کا حق سب کو ہے۔ گﺅ رکشا کے نام پر اس طرح بھکشک بننا ٹھیک نہیں ہے۔ آپ کو پولیس کے پاس جانے کا حق ہے، قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں، گﺅرکشکوں کو سخت سزا ملنی چاہئے۔قابل ذکرہے کہ اٹھاولے کا یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب ملک بھر میں گﺅرکشکوں کی طرف سے اقلیتی فرقہ کے خلاف تشدد کے واقعات سامنے آنے کو لے کر بحث جاری ہے۔بیف کے نام پر تشدد کو لے کر مودی حکومت بھی کئی مرتبہ انتباہ دے چکی ہے،لیکن پھر بھی اس طرح کے واقعات تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ جمعرات کو مہاراشٹر کے ناگپور میں ایک شخص کو مبینہ طور پر بیف لے جانے کے شبہ میں بری طرح سے مارا پیٹا گیا تھا۔ پٹائی سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اسپتال میں اس کا علاج چل رہا ہے۔