نئی دہلی(ملت ٹائمز۔ایجنسیاں)
پاکستانی فوج نے ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہفتہ کو جموں و کشمیر کے راجوری سیکٹر میں فائرنگ کی۔دوپہر تقریبا 1:30بجے ہوئے اس واقعہ کے بعد ہندوستانی فوجیوں نے بھی پاکستانی فائرنگ کا منھ توڑ جواب دیا۔پاکستان کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں لانس نائک محمد نصیر شہید ہو گئے،نصیر جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع کے رہنے والے تھے۔اس سے پہلے بدھ کو بھی کیرن سیکٹر میں ایل او سی کے قریب پاکستان کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں فوج کے دو جوان شہید ہو گئے تھے۔فوج کے مطابق ،پاکستانی فوجیوں نے بغیر کسی اکساوے کے ہندوستانی فوج کی پیشگی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔دوپہر 2بج کر 20منٹ پر نہ صرف چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی، بلکہ مارٹر گولے بھی داغے گئے۔پاکستان کی فائرنگ میں لانس نائک رنجیت سنگھ اور رائفل مین ستیش بھگت شہید ہو گئے تھے۔وہیں ہفتہ کی صبح ہی جنوبی کشمیر کے ترال میں فوج نے دو دہشت گردوں کو مار گرایا۔دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی اطلاع کے بعد فوج، پولیس اور سی آر پی ایف نے مشترکہ آپریشن چلایا تھا،تصادم سری نگر سے 36کلومیٹر دور ترال کے ستورا میں پیش آیا ۔حکام نے بتایا کہ فوج باقاعدہ تلاشی آپریشن پر تھی، تبھی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔اس کے بعد سرچ آپریشن تصادم میں تبدیل ہو گیا اور دو دہشت گردوں کو مار گرایا گیا۔