احمد آبا(ملت ٹائمز)
راجیہ سبھا انتخابات سے پہلے گجرات کانگریس میں مسلسل بھگدڑ مچی ہوئی ہے۔کانگریس سے 6ممبران اسمبلی نے استعفی دے دیا ہے۔پارٹی کو اور ٹوٹنے سے بچانے کے لئے 40ممبران اسمبلی کو ہوائی جہاز سے بنگلور بھیج دیا گیا ہے،جہاں انہیں ایک ریزورٹ میں راجیہ سبھا انتخابات کے پہلے تک رکھا جائے گا۔دو دستے میں کانگریسی رکن اسمبلی بنگلور پہنچے۔پہلے 31ممبر اسمبلی دیر رات انڈگو کی فلائٹ سے احمد آباد سے بنگلور پہنچے۔اس کے بعد راج کوٹ سے 9ممبر اسمبلی بھی صبح 5بجے بنگلور پہنچے۔بنگلور کے اگلٹن ریزورٹ میں کانگریس کے ممبران اسمبلی کے رہنے کا پروگرام ہے۔کانگریس کے ایک رکن اسمبلی کے مطابق کانگریس کو توڑنے کے اپنے گیم پلان میں بی جے پی کامیاب نہ ہو پائے، اس کے لئے پارٹی کے ممبران اسمبلی کو بنگلور بھیجا گیا ہے۔ممبر اسمبلی نے کہا کہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو بی جے پی پیسے اور پولس دبا¶ وغیرہ سے توڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔گجرات کے اسمبلی میں کل 182نشستیں ہیں جن میں سے 121بی جے پی اور آزاد ممبر اسمبلی ہیں جبکہ کانگریس کے 57ممبران اسمبلی تھے۔این سی پی کے 2، جے ڈی یو اور جی پی پی کا ایک ایک رکن اسمبلی ہے۔اس صورت حال میں راجیہ سبھا کی ایک نشست کے لئے کم سے کم 46ووٹ چاہئے ہوتے ہیں لیکن اب صورت حال بدلی ہے کیونکہ 6ممبر اسمبلی استعفی دے چکے ہیں تو کل تعداد 176ہو گئی ہے،لہذا جیتنے کے لئے صرف 45ووٹ ہی چاہئے۔کانگریس کے تین ممبران اسمبلی نے جمعرات کو گجرات اسمبلی کے صدر رمنلال وورا کو استعفیٰ سونپ دیا تھا۔پہلے دو استعفی ایک ساتھ ہوئے جس میں بلونت سنگھ راجپوت اور تےج شری پٹیل کے نام تھے۔اس کے بعد جمعرات کی شام قریب پانچ بجے گجرات کانگریس کے ممبر اسمبلی پیائی پٹیل نے بھی استعفی دے دیا۔گجرات کانگریس کے کئی اراکین اسمبلی کے ایک ساتھ بی جے پی میں شامل ہونے کے ساتھ ہی احمد پٹیل کی راجیہ سبھا کی رکنیت کو لے کر خطرہ بڑھ گیا ہے۔شنکر سنگھ واگھیلا حامی ممبران اسمبلی کی تعداد 16بتائی جا رہی ہے۔ایسے میں اگر یہ تمام 16رکن اسمبلی استعفی دیتے ہیں تو احمد پٹیل کے لئے الیکشن جیتنا مشکل ہو جائے گا۔پٹیل نے راجیہ سبھا کے لیے کانگریس کے امیدوار کے طور پر نامزدگی بھر رکھی ہے۔شنکر سنگھ واگھیلا کے بعد کانگریس کو بڑا جھٹکا اس وقت لگا، جب بلونت سنگھ، تےج شری پٹیل اورپی آئی پٹیل نے بھی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی جوائن کر لیا۔راجیہ سبھا انتخابات سے پہلے کانگریس کے ممبران اسمبلی کے بی جے پی میں شامل ہونے سے احمد پٹیل کو جیتنا مشکل ہو سکتا ہے۔وہیں، کانگریس کا کہنا ہے کہ بی جے پی خرید و فروخت کی سیاست کر رہی ہے۔واضح رہے کہ آٹھ اگست کو گجرات میں راجیہ سبھا کی تین نشستوں کے لئے ووٹنگ ہونی ہے۔سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کے بی جے پی میں شامل ہونے سے راجیہ سبھا انتخابات میں پارٹی کی مصیبت بڑھ سکتی ہے۔اس سے پہلے صدارتی انتخابات میں 11کانگریس ممبران اسمبلی نے کراس ووٹنگ کی تھی،حالانکہ اس میں کراس ووٹنگ تو نہیں ہو گی، لیکن راجیہ سبھا انتخابات سے پہلے کئی کانگریس ممبر اسمبلی استعفی دے کر بی جے پی ضرور جوائن کر سکتے ہیں۔ گجرات سے راجیہ سبھا کے لئے تین سیٹوں پر انتخابات ہونے ہیں۔