نئی دہلی(ملت ٹائمز؍شہنواز ناظمی
کالکا جی سے عام آدمی پارٹی کے ممبر اسمبلی اوتار سنگھ نے کہا ہے کہ یونانی طریقہ علاج سے بہتر کوئی علاج نہیں ہے اور دہلی حکومت اس کے فروغ کیلئے ہرممکن تعاون دے گی۔وہ آج یہاں’یونایور‘کے زیراہتمام معروف طبیب حاذق حکیم سلیمان خان طورکے نئے مطب کے افتتاح کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مریض کی نبض کو دیکھ کر اس کے مرض کی صحیح تشخیص صرف یونانی کے ماہر اطباء ہی کرسکتے ہیں۔اس موقع پر حکیم سلیمان خان طورنے کہا کہ یونانی اور آیورویدہی واحد طریقہ ہائے علاج ہیں جومریض کو نہ صرف جسمانی طورپربلکہ روحانی طورپر بھی مطمئن کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے بہت سے ترقی یافتہ ملکوں میںیونانی کوپسند کیا جارہا ہے اورہندوستان میں بھی یہ طریقہ علاج پھر مقبول ہورہا ہے۔’یونایور‘کے بانی ساحل خان نے بتایا کہ یونانی کے بارے میں یہ تصور عام ہوگیا تھا کہ اس طریقہ علاج میں صفائی ستھرائی کا کوئی خیال نہیں رکھا جاتا اور یہ کہ یہ جدید زمانہ کی نزاکتوں سے ہم آہنگ نہیں ہے لیکن ہم نے اس تصور کو یکسر بدل دیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے تمام جدید ترین تکنک کا استعمال کرتے ہوئے پاکی‘صفائی اور اعلی معیارکو برقرار رکھا ہے اوردواؤں کو اس انداز سے تیار کیا جاتا ہے کہ ہر شعبہ ہائے زندگی کے مریض ان کا استعمال جبری نہیں بلکہ اس یقین سے کریں کہ انہیں نہ صرف مرض سے شفا ملے گی بلکہ تندرستی وتوانائی میں اضافہ بھی ہوگا۔





