نئی دہلی(ملت ٹائمزپریس ریلیز)
جمعیة علما ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کے سیاسی صلاح کار اور سینئرکانگریسی لیڈر احمد پٹیل کی گجرات سے راجیہ سبھا کے لئے منتخب ہو جانے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اسے فرقہ پرستی پر سیکولرازم کی جیت قرار دیتے ہوئے احمد پٹیل کو بھیجے اپنے تہنیتی پیغام میں امید ظاہر کی ہے کہ وہ پورے جوش اور ولولہ کے ساتھ فرقہ پرستی کے خاتمہ اور سیکولرازم کی بقا کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ مولانا مدنی نے امید ظاہر کی ہے کہ احمد پٹیل کی اس شاندار جیت سے سیکولر قوتوں کے حوصلہ میں اضافہ ہوگا اور وہ فرقہ پرستی کے خلاف مزیدجوش وخروش سے جد و جہد کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ احمد پٹیل کی یہ جیت سیکولرازم کو مضبوط کرنے کی راہ ہموار کرنے والے ثابت ہوگی ۔ مولانا مدنی نے کہا کہ اس وقت جو صورتحال ہے اس میں سیکولرازم کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور فرقہ پرست عناصر کی سرگرمیاں عروج پر ہیں ۔ ایسے میں ملک کی فلاح و بہبود کے لئے سیکولر قوتوں کو پھر سے مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ گجرات میں فرقہ پرست قوتوں نے پوری کوشش کی کہ احمد پٹیل کو جیتنے سے روکا جائے لیکن کانگریس کے وہ تما م ممبران اسمبلی مبارکباد کے مستحق ہیں جو آخر تک ثابت قدم رہے۔ گجرات سے احمد پٹیل کی یہ جیت ملک کے لئے ایک سیاسی پیغام ہے کہ سیکولر قوتیں ابھی فرقہ پرست قوتوں کومنہ توڑ جواب دینے کی پوزیشن میں ہیں ۔انہوں نے احمد پٹیل کومبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام سیکولر سیاستدانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں امن وامان،بھائی چارہ اور سیکولرازم کی بقا کے لئے متحد ہو جائیں ۔