علی انور انصاری جدیو کے پارلیمانی بورڈ سے معطل ، اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں شرکت کی

پٹنہ / نئی دہلی(ملت ٹائمز؍اشفاق ساقی)
بہار میں جے ڈی یواوربی جے پی کی مخلوط حکومت کی سب سے پہلے مخالفت کرنے والے جے ڈی یو ایم پی علی انور پر پارٹی کی گاج گری ہے اورانہیں پارلیمانی بورڈسے معطل کر دیاگیاہے۔ جے ڈی یو کے سیکرٹری جنرل کے سی تیاگی نے جمعہ کو کہا کہ ایم پی علی انور کو پارٹی سے معطل کر دیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ علی انورانصاری کانگریس صدرسونیاگاندھی کی طرف سے بلائی گئی اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ میں شامل ہوئے تھے اوراسی وجہ سے پارٹی نے ان پرکارروائی کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ علی انورانصاری نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی طرف مہاگٹھ بندھن چھوڑ بی جے پی کے ساتھ حکومت بنانے کی مخالفت کی تھی۔ انہوں نے کہاتھا کہ بہار کے عوام نے مہاگٹھ بندھن کی حکومت کے لیے ووٹ دیاتھا۔ انور نے کہا تھا کہ وہ پارٹی فورم میں اس بارے میں بات کریں گے۔ انور کے ساتھ ہی جے ڈی یو کے سابق صدر شرد یادو نے بھی نتیش کے اس قدم کی مخالفت کی تھی۔ کچھ دن پہلے جے ڈی یو سے ایسے اشارے مل رہے تھے کہ پارٹی باغی لیڈروں کے خلاف کارروائی کر سکتی ہے۔