افسران کے ساتھ ساتھ یوگی کوبھی سزاملنی چاہیے،بی جے پی کے سوچھ بھارت ابھیان کاکیاہوا؟ بیس برس سے ایم پی رہنے کے باوجودبدترصورتحال کیوں،یچوری نے گورکھپور حادثے پر کی عدالتی جانچ کا مطالبہ کیا

نئی دہلی(ملت ٹائمز؍عارفہ حیدر خان)
اتر پردیش کے گورکھپور میں سرکاری ہسپتال میں معصوم بچوں کی موت کے بعد جہاں ایک طرف پوری حکومت پھنس گئی ہے وہیں اپوزیشن یوگی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کر رہاہے۔ سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے اس پورے حادثے پر اعلی سطحی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیاہے۔سیتارام یچوری نے کہا کہ اس معاملے کی عدالتی جانچ ہو اور مجرم پائے جانے پر حکام سے لے کر وزیراعلیٰ تک کوسزاملے۔یچوری نے کہا کہ اس پورے حادثے میں اب تک68 بچوں کی موت ہوگئی ہے۔ تعداد کتنی بڑھے گی ابھی تک پتہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی سخت مذمت سے بھی کام نہیں چلے گا بلکہ یہ تو سنگین جرم ہے، ملک کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کی گئی ہے اور اس کے قصورواروں کوسخت سزاملنی چاہئے۔سیتا رام یچوری نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جب حکومت کو ہسپتال میں آکسیجن سلنڈر کی کمی اور سلنڈر سپلائی کرنے والے کمپنی کے بقایا بلوں کی معلومات تھیں توصحیح وقت پر کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے حادثے کی وجہ گندگی بتائے جانے پر یچوری نے کہا کہ بی جے پی کے سوچھ بھارت ابھیان کاکیاہوا۔سی پی ایم کے جنرل سکریٹری نے سوال کیا کہ گزشتہ 20 سالوں سے یوگی آدتیہ ناتھ گورکھپور سے ایم پی ہیں تو MP فنڈ سے کتنے کروڑ روپے آئے، اور انہیں گورکھپور صاف بنانے کے لیے کیوں نہیں لگایاگیا۔ وہاں گندگی سے بچوں کی موت کیوں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر پیسوں کی کمی کا رونا روتی ہے تو وہ بتائیں کہ ان کے اشتہارات اور فروغ پر خرچ ہونے والے کروڑوں روپے کہاں سے آئے ہیں۔ یوگی حکومت نے اس سانحہ کو لے کر چیف سیکرٹری کی صدارت میں ایک جانچ کمیٹی قائم کی ہے لیکن سی پی ایم نے اس حادثے کو لے کر عدالتی جانچ کا مطالبہ کر رہی ہے۔