کولکاتا(ملت ٹائمز)
سنگھ پریوار سے وابستہ لیڈروں کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والے بیانات کے خلاف 11اگست کو کولکاتامیں فورم فارآرٹی آئی ایکٹ اینڈ انٹی کرپشن نے احتجاج اور مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کا پتلانذرآتش کیا۔
شہر کے مین چوراہے پر ہوئے اس احتجاجی پروگرام کی وجہ سے کافی دیر تک ٹریفک کا نظام درہم برہم رہااور لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتاہم لوگوں نے ایک اچھے کاز کی حمایت میں یہ تکلیف کو گوارہ کرلیا۔
اطلاع کے مطابق فورم کی سربراہ ایڈوکیٹ نازیہ الہیٰ خان کی قیادت میں فورم کے سیکڑوں کارکنان ٹرکوں پر سوار چوراہے پر پہنچے اور پھر مرکزی حکومت ‘ بی جے پی اور سنگھ پریوار کے فرقہ پرستانہ بیانات کی مذمت میں نعرے بازی شروع کردی ۔ اس موقع پر اپنے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے فورم سربراہ نازیہ الہیٰ خان نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کسی ایک فرقہ یا علاقہ کے نہیں پورے ملک کے وزیراعظم ہیں انہیں اپنے لیڈروں کے فرقہ پرستانہ اور تعصب‘ فساد اور جھگڑے کو ہوا دینے والے بیانات پر گرفت کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے بجائے اس کہ وہ ایک طرح سے خاموش رہ کر ان کی حمایت کررہے ہیں ۔فورم اس کی مذمت کرتا ہے اوراس کے خلاف اپنا احتجاج ومظاہرہ جاری رکھے گا ۔
نازیہ الہیٰ خان نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو پرایم منسٹر آفس کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے اور اپنے کارکنان کے ساتھ ننگے پاؤں مظاہرہ کریں گی ۔