حیدرآباد(ملت ٹائمز)
ملک کی آزادی میں مسلمانوں نے جو کردار ادا کیاہے وہ نہ صرف تاریخ کے اوراق میں محفوظ ہیں؛بلکہ کئی انگریزی مورخین نے مسلمانوں کی طویل جد وجہد کاا عتراف کیا؛ لیکن بڑے افسوس کے ساتھ یوں کہنا پڑتا ہے کہ چند مٹی بھر فرقہ پرست عناصر اس ملک کی گنگا جمنی تہذیب میں مخل بن کر یہاں کی پر امن فضاء کو مکدر کررہے ہیں ، اقلیتی طبقات مسلسل ظلم و تشدد کا شکار ہورہے ہیں ، ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں امن و بھائی چارگی اخوت و رواداری کو فروغ دیا جائے ، مادرِ وطن ہمارے لے محبوب ہے ، معبود نہیں ، سورج ، چاند، زمین ، آسمان، پہاڑ ، دریا ، سمندر یہ سب خدا کی مخلوق اور انسانوں کے لیے محبوب ہے ؛ لیکن کبھی معبود نہیں ہوسکتے ، چند لوگ مسلمانوں کے دین و ایمان پر ڈاکے ڈالنے کوشاں ہیں ؛ لیکن مسلمان اس کو کبھی بھی قبول نہیں کریں گے؛بلکہ ان شاء اللہ ہماری نسلیں بھی پورے دین وایمان کے ساتھ اس سرزمین پر جئیں گے۔ان باتوں کا اظہار صدر صفا بیت المال مولانا غیاث احمد رشادی صاحب نے جشن یومِ آزادی کے موقع پر عملہ سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا اور حکومتِ وقت کو بھی یہ پیغام دیا کہ مزید اقتدار چاہتے ہیں اور ملک میں امن و آشتی کے خواہاں ہیں تو یہاں پر عدل و انصاف کرنا ہوگا اور ہر طبقہ کے ساتھ مکمل رواداری کے ساتھ حکومت چلانا ہوگا۔ واضح ہو کہ دفتر صفا بیت المال پر 15؍اگسٹ کی صبح 8:30؍بجے پرچم کشائی کی گئی ، جناب اعظم علی صاحب اکاؤنٹینٹ نے اپنے مخصوص لہجہ میں قومی ترانہ پیش کیا ۔اس موقع پرنائب صدر مفتی عبد المہیمن اظہر القاسمی نائب صدر صفا کے علاوہ ، صفا بیت المال کے مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والا عملہ موجود تھا۔





