مظفرنگر،دیوبند(ملت ٹائمز؍سمیر چودھری)
جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کہاکہ ہندوستان گنگا جمنی تہذیب ،مختلف مذاہب اور تہذیب و ثقافت کا ملک ہے، اس کی بنیاد میں ہمارے اکابرین کا خون شامل ہے، ہم یہیں پیدا ہوئے اور یہیں پر دفن ہوتے ہیں،مگر آج فرقہ پرست طاقتیں ملک میں آگ لگا دینا چاہتی ہیں جس کی ہم مخالفت کرتے ہیں اور ہندو مسلم ،سکھ عیسائی کو ایک ساتھ پیار و محبت کے ساتھ رہنے کا پیغام دیتے ہیں۔ مولانا سید ارشد مدنی آج مظفر نگر کے روڑکی روڈ پر واقع پیلیس میں جمعیۃ علماء ضلع مظفر نگر کی جانب سے منعقد جشن آزادی کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔مولانا مدنی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند نے ہمیشہ ملک کی سالمیت ، ترقی اور باشندگانِ ہند کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا ہے اور ہمیشہ کرتی رہے گی۔ عیدالاضحیٰ کا تہوار قریب ہے اس کو لیکر مولانا مدنی نے مسلمانو ں کو پیغام دیا کہ وہ گائے کی قربانی بالکل نہ کریں اور دوسرے جانور کی قربانی بے خوف و خطر ہو کر کریں۔ انہوں نے حکومت اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ مسلمانوں کے اس مقدس تہوار کو منانے میں سامنے آنے والی ہر طرح کی پریشانیوں کو دور کریں۔اور نام نہاد گورکشکوں پر پابندی عائد کریں۔شکرتال آشرم سے تشریف لائے آچاریہ اجے کرشن جی نے جشن آزادی کے اس پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے ملک کی آزادی میں بالکل بھی تعاون نہیں کیا آج وہی محب وطن بنے ہوئے ہیں ایسے لوگوں کو جمعیۃ علماء ہند نے پروگرام منعقد کرکے اور سبھی مذہب کے لوگوں کو بلا کر منھ توڑ جواب دیا ہے۔عیسائی مدہب کے فادر جگت سنگھ نے بھی جمعیۃ علماء کے پروگرام کو منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی اور امن و امان کا پیغام دیا اور کہا کہ مولانا سید ارشد مدنی سے ہم پہلے بھی مل چکے ہیں وہ ملک کی ترقی امن و امان اور بھائی چارے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ سردرا جنگ سنگھ صدر پنجابی سماج نے بھی اس موقع پر مبارک باد دی اور کہا کہ امن و امان قائم کرنے میں ہم ہمیشہ جمعیۃ علماء ہند کے ساتھ ہیں۔علاوہ ازیں مولانا سید اظہر مدنی جمعیۃ علماء یوپی کے نائب صدر مولانا نذر محمد، سابق ایم پی ہریندر ملک، مولانا زبیر رحمانی، اشوک بالیان، پرمود تیاگی، حاجی شاہد تیاگی وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ملک میں بسنے والے سبھی لوگوں کو آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے پیار و محبت و امن و امان کا پیغام دیا۔صدارت مولانا ناظر حسن صدر جمعیۃ علماء ضلع مظفرنگراور نظامت مشترکہ طور پر مولانا مصطفےٰ اور شہر جنرل سکریٹری مولانا طاہر قاسمی نے کی۔قبل ازاں مولانا نوشاد کی تلاوت کلام پاک اور قاری اسرار کی نعت پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر ترانہ جمعیۃ مولانا مکرم اور قاری شاہد ارمان نے پیش کیا۔ آخر میں شہر صدر مولانا شاہنواز قاسمی نے تمام لوگوں کا شکریہ اداکیا۔پروگرام کو کامیاب بنا نے میں مولانا مکرم قاسمی، مولانا محمد قاسم، مولانا زبیر رحمانی،قاری شاہد حسینی، مولانا محمد احمد، مولانا خالد زاہد، مرسلین پردھان ، حاجی عزیز الرحمن، مولانا عبداللہ، بدرالزماں خان، اکرام قصار، سلیم ملک، کلیم تیاگی، قاری سلیم قاسمی، قاری کلیم قاسمی، شمیم قصار ، حافظ تحسین رانا، محمد آصف قریشی، مولانا مدثر ، مولانا انعام، حاجی جمیل احمد ، عقیل احمد، مفتی تنمیق، مولانا ارشد، مولانا یامین ، قاری نفیس، مولانا محبوب، قاری اسرار ، حکیم امید علی ، نادر راناوغیرہ کا خصوصی تعاون رہا۔