ملک کے مختلف صوبوں میں آئے بھیانک سیلاب کے متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں:مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی

دہلی(ملت ٹائمزِ ؍پریس ریلیز)
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے اخبار کے نام جاری ایک بیان میں ملک کے مختلف صوبوں خصوصا بہار ، بنگال، آسام، اترپردیش ، راجستھان اور گجرات وغیرہ میں سیلاب کی انتہائی ابتر، ہلاکت خیز اور بھیانک صورت حال اور اس کے نتیجہ میں ہوئے عظیم جانی ومالی نقصانات پر گہرے رنج وافسوس کا اظہار کیا ہے اور اسے ملک کے لیے عظیم خسارہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان صوبہ جات میں غیر معمولی بارش کی وجہ سے اکثر ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں اور متعدد مقامات پر ان ندیوں کے پشتے ٹوٹ گئے ہیں جس کے نتیجے میں سیلاب کی صورت حال نہایت بھیانک اور خطر ناک ہوگئی ہے ۔ لاکھوں افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر سڑکوں پر کھلے آسمان تلے پناہ گزیں ہیں، آب و دانہ کے محتاج ہیں اور ادویہ اور دیگر بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ ملک کے ان تمام صوبوں میں بھاری مالی و جانی نقصانات کی خبریں بھی ہنوز موصول ہورہی ہیں۔ ایسے اندوہناک حالات میں سیلاب متاثرین کی بلا تفریق مذہب وملت فوری راحت رسانی اور باز آباد کاری ہم سب کا دینی ، ملی ، قومی اور انسانی فریضہ ہے۔
ناظم عمومی نے اپنے بیان میں تمام سیلاب زدگان ومتاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اہل وطن سے بلا تفریق مذہب وملت اپیل کی ہے کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان و متاثرین کی دل کھول کر امداد کریں اوران کے حق میں دعائے خیر کریں۔ ناظم عمومی نے یہی اپیل حکومت سے بھی کی ہے اور کہا ہے کہ اس عظیم قومی المیہ کا کسی طرح کا تدارک حکومت اور عوام منظم اور موثر طور پر لگ کر ہی کر سکتے ہیں۔
ناظم عمومی نے اپنے بیان میں سیلاب میں ہوئی درجنوں اموات پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے پسماندگان سے قلبی تعزیت کی ہے اور کہا ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند اور اس کی ذیلی اکائیاں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔