دارالعلوم دیوبند کا ملک میں آئے بھیانک سیلاب پر افسوس کااظہار دارالعلوم دیوبند کا ملک میں آئے بھیانک سیلاب پر افسوس کااظہار مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی کی متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انسانیت کی بنیاد پر مدد کی اپیل 

دیوبند(ملت ٹائمزسمیر چودھری)

ملک کی کئی ریاستوں بالخصوص بہار ،آسام ،گجرات اور مشرقی اترپردیش میں آئے بھیانک سیلاب پر عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند نے افسوس کااظہار کیا اور متاثرین سے اظہارہمدرد ی کرتے ہوئے تمام لوگوں سے انسانیت کی بنیاد پر متاثرین کی بڑھ چڑھ کرمدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے نامہ نگار سے گفتگوکرتے ہوئے اس وقت ملک کی کئی ریاستوں بالخصوص بہار ،مشرقی اترپردیش اور آسام وگجرات میںبھیانک سیلاب کی شکل میں آئی قدرتی آفات پر سخت افسوس کااظہار کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیاہے ۔ انہوں نے بہار کے سیمانچل علاقہ میں آئے قیامت خیز سیلاب پر انتہائی تکلیف کااظہا رکرتے ہوئے کہاکہ ہماری تمام تر ہمدردیاںمتاثرین کی ساتھ ہیں اور ہم اللہ سے دعاءگو ہیں کہ اللہ پاک تمام متاثرین کے اوپر رحم فرمائے اور ان کے جان و مال کی حفاظت فرمائے۔ مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے سیلاب زدہ ریاستوںمیں کام کررہی تمام ملی و سماجی تنظیموں کی ستائش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ انسانیت کی بنیاد پر تمام لوگوں کو اپنی وسعت کے مطابق اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیکر قدرتی آفات کا شکار لوگوں کی مددکرنی چاہئے۔ مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ یقینی طورپر بہار سمیت دیگر ریاستوں میں سیلاب نے جو بھیانک شکل اختیار کرلی ہے وہ انتہائی تکلیف دہ ہے،جس میں سیکڑوں انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہے جبکہ لاکھوں لوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر سڑکوں پر آگئے ،اس سیلاب نے ان کا سب کچھ چھین لیاہے ،اسلئے ہمیں اپنی اپنی سطح پر آگے آنا چاہئے ان لوگوں کی مدد کرنی چاہئے ۔  ادھر آل انڈیا اقتصادی کونسل کے چیئرمین و جمعیة علماءہند کے خازن مولانا حسیب صدیقی نے ملک کی کئی ریاستوںمیں آئے بھیانک سیلاب پر دکھ کااظہار کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوںنے لوگوں سے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت سیلاب زدگان کو ہماری ہمدردی اورمدد کی سخت ضرورت ہے اسلئے ہمیں اپنی اپنی سطح پر متاثرین کی مدد کے لئے سامنے آنا چاہئے اور ان کے لئے دعاو¿ںکاخاص اہتمام کرناچاہئے۔ انہوںنے بتایا کہ جمعیة علماءہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید محمود مدنی کی ہدایت کے مطابق جمعیة علماءکی ٹیم مسلسل بہار،آسام،گجرات اور اترپردیش کے سیلاب متاثرہ علاقہ میں رفاہی کاموںمیں مصروف ہے۔

SHARE