پٹنہ(ملت ٹائمزاشفاق احمد)
بہار کے سیلاب زدہ اضلاع میں امارت شرعیہ کا ریلیف ورک مسلسل جاری ہے ، پورے ملک سے اہل خیر حضرات دل کھول کر امارت شرعیہ کے اس ریلیف ورک میں حصہ لے رہے ہیں ، اہل خیر کے تعاون سے امارت شرعیہ کے مرکزی دفتر اور ذیلی دفاتر سے مسلسل فوڈ پیکٹس اور ضروری اشیاءسے بھرے ٹرک سیلاب زدہ علاقوں میں پہونچ رہے ہیں اور متاثرین کے درمیان راحت کی اشیاءتقسیم کی جا رہی ہیں ۔ امارت شرعیہ کے ناظم مولانا انیس الرحمن قاسمی نے امارت شرعیہ کے ریلیف ورک کی تفصیل بتاتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ امارت شرعیہ نے سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں ترجیحی بنیاد پر جہاں زیادہ ضرورت ہے وہاں ریلیف کا کام شروع کیا ہے ، امارت شرعیہ نے دس اضلاع کٹیہار ، پورنیہ، کشن گنج، ارریہ ، سیتا مڑھی، دربھنگہ ، سوپول ، مشرقی چمپارن ، مغربی چمپارن اور مظفر پور میں ریلیف کمیٹی بنائی ہے ، جو مقامی طور پر اہل خیر حضرات کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء، پینے کا پانی ، اور دیگر بنیادی ضرورتوں کے سامان پہونچا رہے ہیں ۔ مرکزی دفتر کے علاوہ دار القضاءڈھاکہ ، دار القضاءواسع پور دھنباد ،دار القضاءاصلاح المسلمین چمپا نگر ، دار القضاءکوڈرما وغیرہ سے ریلیف کے سامان گاڑیوں کے ذریعہ سیلاب زدہ علاقے میں پہونچ چکے ہیں ۔ مرکزی دفترسے آج پھر فوڈ پیکٹس اور دیگر بنیادی ضرورت کی اشیاءسے بھرا ہوا ٹرک کٹیہار کے بارسوئی علاقہ کے لیے روانہ ہوا ہے ۔ پندرہ سو فوڈ پیکٹس سے بھرے اس ٹرک کو بھیجنے میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اولڈ بوائز ایسو سی ایشن ، مولانا آزاد انجینئرنگ کالج پٹنہ، ڈاکٹر اعظمی عالم گنج، مولانا عالم قاسمی امام و خطیب دریا پور مسجد و مصلیان دریا پور مسجد، مصلیان مسجد عمر عیسیٰ نگر ، مصلیان جامع مسجد ہارون نگر ، پھلواری شریف اور دیگر اہل خیر حضرات کا خصوصی تعاون شامل رہا ۔ ناظم امارت شرعیہ کے ساتھ مولانا آزاد کالج پٹنہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اولڈ بوائز ایسوسی ایشن نے ہری جھنڈی دکھا کر اس ٹرک کو روانہ کیا۔ ناظم صاحب نے بتایا کہ امار ت شرعیہ کے ریلیف ورک کا یہ سلسلہ ابھی چلتا رہے گا جب تک سیلاب زدہ علاقوں میں راحت رسانی کی ضرورت باقی رہے گی ۔
ناظم صاحب نے اہل خیر حضرات سے اپیل کی بقرعید کے موقع پر اپنے اپنے خاندان کی جانب سے ایک قربانی سیلاب زدہ علاقوں میں ضرور کریں تا کہ سیلاب متاثرین کو بھی قربانی کا گوشت میسر ہو سکے ، ناظم صاحب نے یہ بھی کہا کہ خاص کر سیمانچل کے علاقوں میں ستمبر کے اخیر یا اکتوبر کے شروع سے ہی ہلکا جاڑا شروع ہو جاتا ہے ، اور سیلاب متاثرین میں سے لاکھوں لوگوں کے گھر بار اور گھر کا سارا اثاثہ سیلاب کی نذر ہو گیا ہے ، ان کے پاس نہ تو کھانے کو غذا میسر ہے ، نہ پہننے کو کپڑے نہ اوڑھنے کے لیے کوئی سامان، امارت شرعیہ نے ارادہ کیا ہے کہ ایک لاکھ لوگوں تک جاڑے سے قبل کمبل پہونچایا جائے ، ایک لاکھ کمبل تقسیم کرنے پر ساڑھے تین کروڑ سے زیادہ کا خرچ آئے گا ، جو کہ اہل خیر کے تعاون کے بغیر پورا ہونا دشوار ہے ، اس لیے زیادہ سے زیادہ امارت شرعیہ کے ریلیف ورک میں حصہ لیں اور اپنی یا اپنے رشتہ داروں کی جانب سے سو پچاس کمبل یا جو جتنا کر سکتے ہوں اتنے کمبلوں کا انتظام ابھی سے شروع کردیں تاکہ متاثرین تک جاڑا آنے سے پہلے پہونچایا جا سکے ۔
ناظم صاحب نے اپیل کی کہ جو حضرات امارت شرعیہ کے ریلیف ورک میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ مندرجہ ذیل اکاو¿نٹ نمبر میں اپنا تعاون بھیج سکتے ہیں :
A/C Name : IMARAT SHARIAH
A/C No: 10331726226
Bank Name: State Bank of India
Branch: J.C. Road Patna, Branch Code: 1233
IFSC Code: SBIN0001233
چیک یا ڈرافٹ پر صرفIMARAT SHARIAH PATNA لکھیں





