پنجاب حکومت کی دینی مدارس، علماء اور مشائخ کے ساتھ زیادتیاں

مولانا زبیر احمد صدیقی
ملک بھر میں عموماََ اور پنجاب میں خصوصاََ چند سالوں سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نظریاتی قلعے، ملک وملت کے معمار تعلیم و رفاہ کے علمبردارادارے دینی مدارس و جامعات اور ان سے وابستہ ہزاروں قابل قدر علماءکرام و مشائخ عظام کے ساتھ ناروا سلوک کانہ صرف سلسلہ جاری ہے بلکہ روز بروز بڑھتا چلا جا رہا ہے ۔ مدارس کے خلاف میڈیا پروپیگنڈہ سے شروع ہونے والے اقدامات، رجسٹریشن کی بندش ، مدارس کے بینک اکاﺅنٹس کھلوانے پر غیر اعلانیہ پا بندی، سرچ آپریشن کے نام پر پولیس یلغار،بے قصور علماءمشائخ کو فورتھ شیڈول کرنے ، قربانی کی کھالوں کے حصول پر پابندی،بیسیوں علماءوطلباءکی جبری گمشدگی اور مجوزہ چیئریٹی بل تک جا پہنچے ہیں۔ علاوہ ازیں مساجد سے آذان وعربی خطبہ کے لیئے استعمال ہونے والے ایک سے زائد بیرونی لاﺅڈ اسپیکر پر پابندی ،ایمپلی فائر ایکٹ میںسزاﺅں کا اضافہ اور ہزاروں خطباءو علماءپر جھوٹے مقدمات ، دینی اجتماعات پر اعلانیہ و غیر اعلانیہ پابندی جیسے غیرمذہبی، غیر اخلاقی اور غیر شرعی اقدامات بھی جاری ہیں ۔ یہ سب کچھ صرف پنجاب اور عملاََ صرف ایک مسلک یعنی اہل السنت والجماعت حنفی دیوبندی کے ساتھ روا رکھا جارہا ہے اگر چہ ضمناََ دیگر مسالک بھی ان اقدامات کی زد میں ہیں ۔ ایک مسلک کو ٹارگٹ کرکے باقی مسالک کو دباﺅ میں رکھا جارہا ہے ۔ یوں ملک میں اکثریتی صوبہ پنجاب میں علما ءمشائخ پر زمین تنگ کی جارہی ہے۔ ان ظالمانہ اقدامات کی وجہ سے مذہبی طبقات میںنہ صرف مسلم لیگ نواز کی حکومت سے نفرت پیدا ہوگئی ہے بلکہ پنجاب و مرکز کی ظالمانہ پالیسیوں کی وجہ سے مسلم لیگی حکمرانوں کو بد دعائیں دی
جا رہی ہیں۔ بد دعائیں دینے والوں میں مساجد کے نمازی ، مشائخ کے مریدین اور لاکھوں طلباءدین بھی شامل ہیں ۔
پنجاب کے حکمرانوں کو ان ظالمانہ اقدامات سے باز رکھنے کے لیئے علماءکرام نے متعدد کوششیں کیں اور انہیں سمجھایا، حکمرانوں نے اپنی پالیسیاں درست کرنے کے وعدے کے باوجود عملاََ خلاف ورزی کی۔
مورخہ 16اگست 2017کو اس سلسلہ میں اتحاد تنظیمات مدارس کے قائدین اور جمعیت علماءاسلام کے راہنماﺅں نے ایک میٹنگ زیر قیادت مولانا محمد حنیف جالندھری دامت برکاتھم ناظم اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ پاکستان پنجاب کے اعلیٰ افسران بشمول چیف سیکریٹری، ہوم سیکریٹری، آئی جی پنجاب، مختلف انٹیلی جینس اداروں کے ذمہ داران اور متعدد محکموں کے سکیٹریز سے کی ، ساڑھے تین گھنٹے تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں علماءمشائخ اور دینی مدارس کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک پر احتجاج کیا گیا، جبکہ دوسرا اجلاس مذکورہ قائدین کا قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمٰن دامت برکاتھم کی قیادت میں وزیر اعلیٰ پنجاب جناب شہباز شریف اور دیگر حکومتی اہلکاروں کے ساتھ ہوا ان راہنماﺅں میں مولانا محمد حنیف جالندھر ی، مولانا غلام محمد سیالوی، مولانایاسین ظفر، حافظ ریاض حسین نجفی، مولانا امجد خان، مولاناپیر عزیزالرحمٰن ہزاروی،مولاناعبدالمصطفیٰ ازہری، مولانا ارشاد احمد ، مولانا ڈاکٹر عتیق الرحمٰن اور رقم الحروف زبیر احمد صدیقی شامل ہوئے۔
دونوں اجلاسوں میں یقین دہانی کرائی گئی کہ : ….
1)….
گزشتہ دوسالوں میں مدارس پر قربانی کی کھالوں کے حصول کی بندش صوبائی حکومت کے احکامات نہ تھے بلکہ ڈی سی صاحبان نے مدارس کو اجازت نہ دی جو سراسر زیادتی ہے، امسال اس زیادتی کا ازالہ کیا جائے گا ، نہ صرف مدارس کو حصول چرم قربانی کی اجازت دی جائے گی بلکہ جن مدارس کے خلاف شکایت ہوگی انہیں صفائی کا موقع بھی دیا جائے گا، وہ ڈپٹی کمشنر کے پاس نظر ثانی اور کمشنر کے پاس اپیل کا حق رکھیں گے، اور یہ سارا عمل عشرہ ذی الحجہ کے اوائل میں مکمل ہوگا، مذکورہ بالاوعدوں کی نہ صرف خلاف ورزی ہوئی بلکہ دھجیاں بکھیری گئیں، اگر چہ چند اضلاع میں بر وقت اجازتیں دے دی گئیں لیکن بہت سے مدارس کو بے بنیاد الزامات کی وجہ سے کھالیں جمع کرنے سے روک دیا گیا، جبکہ پنجاب کے اکثر اضلاع میں معاملات کوچھٹیاں ہونے تک معلق رکھا گیا اور آخری ورکنگ ڈے میں بہت سے مدارس کو کھالیں جمع کرنے سے روک کر نہ تو انہیں اپیل کا حق دیا گیا نہ نظر ثانی کا ، نتیجتاً سینکڑوں مدارس کا ذریعہ آمدنی محدود ہوکر رہ گیا۔
چناچہ بہت سے مرکزی مدارس و جامعات جن میں ہزاروں طلباءو طالبات زیر تعلیم ہیں انہیں اس حق سے محروم کردیا گیا، جن مرکزی مدارس کو اجازت نہیں ملی اور اعلیٰ تعلیمی فرائض سرانجام دے رہے ہیں ان میں سے چند کے نام در ج ذیل ہیں۔
۱۔جامعہ نصرت العلوم گوجرانوالہ ۲ جامعہ اشرف العلوم گوجرانوالہ ۳۔ دارالعلوم عید گاہ کبیر والہ خانیوال
۴۔ جامعہ مدینہ بہاول پور ۵۔دارالعلوم رحیمہ ملتان ۶۔ جامعہ اشرفیہ مان کوٹ خانیوال
۷۔جامعہ عبداللہ بن عباس کچا کھوہ خانیوال
علاہ ازیں خانیوال کے 180مدارس
۸۔ جامع العلوم عید گاہ بہاول نگر ۹۔ جامعہ صادقیہ عباسیہ منچن آباد بہاول نگر ۰۱۔ جامعہ محمودیہ جشتیاں
علاوہ ازیں بہاول نگرکے 129مدارس
۱۱۔ جامعہ حسینہ دینیہ ضلع جہلم ۲۱۔ جامعہ علوم شرعیہ ساہیوال ۳۱۔ جامعہ حفصہ للبنات چیچہ وطنی ۴۱۔جامعةالسراج چیچہ وطنی ساہیوال ۵۱۔ جامعہ شیخ زکریا چیچہ وطنی ساہیوال ۶۱۔ جامعہ قاسمیہ شرف الاسلام مظفر گڑھ ۷۱۔ جامعہ مظاہر العلوم کوٹ ادومظفر گڑھ ۸۱۔ جامعہ کنز العلوم قصبہ ضلع مظفر گڑھ ۹۱۔ جامعہ محمدیہ تونسہ ڈیرہ غازی خان علاوہ ازیں ڈیرہ غازی خان کے 150سے زائد مدارس۔
۰۲۔ جامعہ دارالھدیٰ میانوالی
علاوہ ازیں ضلع میانوالی کے اکثر مدارس۔
ضلع ڈیرہ غازی خان ، ضلع ناروال ، ضلع پسرور ضلع بہاول نگر وغیرہ میں اکثر مدارس کو اجازت نہیں دی گئی۔
اس بنیاد پر بعض علاقوں میں بہانہ سازی کرتے ہوئے بغیر اجازت کھالیں جمع کرنے پر مقدمات قائم کرکے علماءکو گرفتاربھی کیا گیا۔عید سے قبل حکمرانوں سے بار بار رابطہ کرکے انہیں انکا وعدہ بھی یاد دلایا گیا اس سلسلہ میں وفاق المدارس العربیہ کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری زید مجدھم مسلسل افسرانِ بالا سے رابطے میں رہے احقر بھی ان ایام میں ہر ضلع سے پل پل کی خبریں لیتا رہا اور اکابرین تک پہنچاتا رہا، قائد جمیعت حضرت مولانا فضل الرحمٰن دامت برکاتہم نے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کو فون فرمایا اور ذمہ داران سے مسلسل رابطے کرتے رہے ، عید سے ایک روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے پابندی کی زد میں آنے والے مدارس کی فہرست بھی طلب کی یہ فہرست بھی
انہیں ارسال کردی گئی لیکن کسی قسم کی کوئی شنوائی نہ ہوئی۔

2)…. فورتھ شیڈول
پنجاب میں سینکڑوں علماءو مشائخ کو فورتھ شیڈول کرکے ان کے شناختی کارڈ منسوخ، بینک اکاﺅنٹس منجمد، درس وتدریس، وعظ و ارشاد ، امامت و خطابت اور ہر قسم کی نجی ، سرکاری ملازمتوں سے محروم کردیا گیا، یہ سینکڑوں لوگ ملک میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں ، شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے ان کے شہری حقوق معطل ہیں، انکے بارے میں یقین دہانی کرائی گئی کہ اس سلسلے میں پہلے سے قائم کمیٹی کو فعال کر کے عید سے قبل اس کا اجلاس بلایا جائے گا اوربے قصور علماءمشائخ کو فارغ کیا جائےگا، لیکن تا حال اس سلسلہ میں کوئی کاروائی سامنے نہیں آئی اور نہ ہی اجلاس بلایا گیا۔
میاں شہباز شریف کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمٰن نے اس قانون کو انسانیت سوز اور ذلت آمیز قرار دیکر اسکے خاتمے کا مطالبہ کیا جبکہ علماءکرام نے نقطہ اٹھایا کہ آج تک کسی سیاستدان ،ٹی وی اینکر ،وکیل یا کسی دیگر طبقہ کو فورتھ شیڈول کیوں نہیں کیا گیا؟

3)…. مجوزہ چئیریٹی بل
شنید ہے کہ حکومت پنجاب کی کابینہ چئیر یٹی بل کی منظوری دے چکی ہے اور اسے اسمبلی سے منظور کرانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، اس بل کی منظوری کے بعد نہ ہی کوئی شخص بلا اجازتِ حکومت زکوٰة دے سکے گا اورنہ ہی لے سکے گا، علماءو مشائخ اس بل کو دینی
مدارس بند کرنیکی ایک سازش سمجھتے ہیں، یہ بل واپس لیا جائے!
اجلاس میں یقین دہانی کرائی گئی کہ یہ بل علماءکودیا جارہاہے علماءاپنے تحفظات پیش کریں جن کا ازالہ کیاجائیگا، لیکن تاہنوز یہ بل علماءکرام کو نہیں دیا گیا۔ اس سے اندازہ ہوا کہ حکومتِ پنجاب مدار س کے خلاف اقدام کرنے پر تلی ہوئی ہے اور اسے ہرصورت منظور کرانا چاہتی ہے۔

4)….
علاوہ ازیں مدارس کی رجسٹریشن ، لاپتہ حضرات اورمدارس پر چھاپوں کے سلسلہ میں بھی مدارس کی مشکلات کے ازالہ کامطالبہ کیا گیا جس کے جواب میں حکومتی تسلیاں بظاہر طفل تسلیاں ہی لگتی ہیں۔ شاید علماءکرام کوبزور بازو اپنے حقوق حاصل کرنے
پڑیں پنجاب کے حکمران دلیل کی زبان کے بجائے دھرنے اور احتجاج کی زبان سمجھتے ہیں ۔

★ ناظم وفاق المدارس پنجاب