نئی دہلی کا دوسرا نام ریپ کیپٹل ،جنسی تشدد اور ریپ کے معاملے میں دہلی نمبر ون

ایگلنڈنئی دہلی(ملت ٹائمز)
ہندوستان کی راجدھانی نئی دلی کو جنسی تشدد کے حوالے سے دنیا کا سب سے خطرناک شہر قرار دے دیا گیا ہے جہاں کی کسی بھی خاتون کوکسی بھی وقت ہراساں کیے جانے کا خوف لگا رہتا ہے۔لندن میں واقع تھامسن روئٹرز فاﺅنڈیشن کی جانب سے ایک کروڑ سے زائد آبادی کے 19 شہروں میں سروے کرایا گیا ہے جس کے مطابق خواتین کیلئے لندن دنیا کا محفوظ ترین شہر ہے جبکہ اس کے بعد خواتین خود کو جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں خود کو زیادہ محفوظ تصور کرتی ہیں۔
اس سروے کیلئے عام لوگوں کی بجائے ماہرین کی رائے لی گئی ہے جن سے خواتین کے خلاف جنسی ہراسگی، تباہ کن معاشرتی رسوم و رواج، خواتین کیلئے صحت کی سہولیات ، ان کی معیشت اور تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے سوالات کیے گئے۔ ماہرین نے مجموعی طور پر کراچی کو خواتین کیلئے دنیا کا دوسرا غیر محفوظ ترین شہر قرار دیا ہے جس کے بعد کانگو کا دارالحکومت کنساشا اور اس کے بعد نئی دلی کا نمبر آتا ہے۔
جنسی تشدد کے معاملے میں ریپ کیپیٹل نئی دلی کو خواتین کیلئے دنیا کا سب سے غیر محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ہر ایک گھنٹے کے دوران ملک میں 4 خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ 2012 میں چلتی گاڑی میں ایک طالبہ کے ساتھ ہونے والی اجتماعی زیادتی کے بعد جہاں اس جرم کی سزائیں سخت کی گئی ہیں وہیں زیادتیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔معروف وکیل رشی کانت کا کہنا ہے کہ خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے مجرموںکو پتا ہوتا ہے کہ انہیں پکڑا نہیں جا سکتا اس لیے وہ دیدہ دلیری دکھاتے ہیں۔