سماجی برائیوں سے معاشرہ کو پاک کرنے کے لئےعلمائے کرام،ائمہ مساجد اور سماجی خدمت گزاروں سے مسلم پرسنل لا بورڈ کی اپیل

ممبئی (ملت ٹائمز)
ملک کے موقرادارہ اور امت مسلمہ کے متحدہ پلیٹ فارم آل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈ کے اجلاس عاملہ منعقدہ ۹-۱۰ ستمبر بھوپال کی منظور شدہ تجاویز پر عمل در آمد کے تعلق سے ۹/نومبر روز جمعرات کو صفا اسکول ڈونگری میں رکن بورڈ حضرت مولانا محموداحمد دریاآبادی کی صدارت میں بورڈ کے اراکین اور بہی خواہان کی ایک نشست ممبئی میں منعقد کی گئی، جس میں درج ذیل تجاویز منظور ہوئیں:

۱- بورڈ کی ہدایات پر عمل درآمد کے لئے ایک رضاکارکمیٹی تشکیل دی گئی جس کے کو آرڈیننر جناب سلیم بھائی موٹر والا کو منتخب کیاگیا۔۲- معاشرہ میں پھیلی برائیوں کے خاتمہ کے لئے علمائے کرام، ائمہ مساجد اور سماجی خدمت گزاروں سے گزارش کی گئی کہ وہ جمعہ اور دیگر بیانوں میں مسلم پرسنل لا نکاح وطلاق اور جہیز جیسی قبیح رسم پر بیان کریں، جہیز، طلاق اور خاص طور پر طلاق ثلاثہ کے نقصانات کو اجاگر کرتے ہوئے طلاق دینے کا بہتر طریقہ بتایاجائے، نیز خاندانی اور میاں بیوی کے جھگڑوں کو مسلم پرسنل لابورڈ کے دارالقضاوں سے حل کرانے کی ترغیب دیں۔۳- عائلی مسائل کے تعلق سے چھوٹے چھوٹے جلسے منعقد کئے جائیں جن میں مسلم پرسنل لا کی اہمیت اور شریعت پر عمل کرنے کے تعلق سے بیانات ہوں۔۴- مسلم پرسنل لا میں خواتین کے حقوق کو اہمیت حاصل ہے، اس لئے خواتین میں بھی بیداری پیدا کرنے کے لئے ان کے اجتماعات منعقد کئے جائیں۔۵- بورڈ کی ہدایت کے مطابق ان کی طرف سے شائع کردہ ہدایت نامہ برائےقاضی و میاں بیوی پڑھ کر سنایاجائے اور پرفورما پر دستخط کرکے متعلقہ افراد تک زیادہ سے زیادہ تعداد میں پہونچایاجائے۔

۶- حاجی صابو صدیق مسافرخانہ ممبئی کے کمرہ نمبر ۱۵(آفس امن کمیٹی)کو عارضی طور پر مسلم پرسنل لا بورڈ کی آفس بنائی گئی ھے جس میں روزانہ مغرب تا عشاء بورڈ کے ذمہ داران موجود رہیں گے۔ ان سے مسلم پرسنل لا، اور بورڈ سے متعلق امور پر معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔نیز ہدایت نامہ اور پرفورما بھی دستیاب ھے۔ اس مجلس میں رکن بورڈ مفتی سعیدالرحمن قاسمی فاروقی، جناب فرید شیخ (امن کمیٹی) جناب مولانا اعجاز احمد کشمیری، جناب نضار احمد کاظمی صاحب، جناب سلیم بھائی موٹروالا(کوآرڈینیٹر رضاکارکمیٹی)جناب مولانا قاضی محمد فیاض عالم قاسمی (دارالقضاء مسلم پرسنل لابورڈ ممبئی) مفتی مطیع الرحمن قاسمی، جناب مولانا امیر عالم قاسمی،جناب مولانا میر حسن صاحب، جناب کفیل صاحب نالکنڈے، جناب سید صاحب، وغیرہم شریک تھے۔مزید تفصیل کیلئے یہاں دیئے گئے نمبر پر رابطہ کرلیں۔ 8080697348