ہندو پڑوسی کے انتقال پرمسلمانوں نے عید میلاد النبی کیلئے لگایا لاوڈ اسپیکر کیا بند ، غم میں ہوئے شریک

حیدرآباد(ایجنسیاں)
محسن انسانیت حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانیت کا پیام دیاتھا۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت کے موقع پر ایک ایسا واقعہ بھی دیکھنے میں آیا جہاں مسلمان اپنے ہندو پڑوسی کے انتقال پر اس کے افراد خاندان کے غم میں شریک ہوئے۔ حیدرآباد میں جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم منایاجارہاتھا۔ لیکن مادناپیٹ علاقہ میں مقامی مسلمانوں نے ایک مثال قائم کرتے ہوئے اپنے پڑوسی کی موت پر علاقے میں لگائے گئے لاﺅڈاسپیکر کوبھی بند کروادیااوراس خاندان کے غم میں برابر کے شریک رہے۔
مقامی مسلمانوں کا یہ جذبہ محسن انسانیت کی تعلیمات کا ثبوت ہے۔ اور آج کے دورمیں جہاں فرقہ پرست طاقتیں ہر طرح سے دوفرقوں کے درمیان کشیدگی پیدا کرناچاہتی ہیں مادنا پیٹ کے عوام کا یہ اتحاد ان کے منہ پر طمانچہ ہے۔