سری نگر۔10دسمبر(ایجنسیاں)
بالی وڈ فلم ’دنگل‘ سے شہرت پانے والی زائرہ وسیم کے ساتھ وستارا ایئر لائن میں چھیڑ چھاڑ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ یہ واقعہ گذشتہ رات اس وقت پیش آیا جب وہ نئی دہلی سے ممبئی جارہی تھیں۔
انہوں نے چھیڑ چھاڑ کا انکشاف سماجی رابطے کی ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو میں کیا۔ مذکورہ ویڈیو میں زائرہ وسیم روتے ہوئے کہتی ہیں کہ ان کے نزدیک بیٹھا ایک مسافر ان کے ساتھ مسلسل چھیڑ چھاڑ کی ،ان کے ساتھ بدتمیزی کی لیکن حداس وقت ہوگئی جب ساتھ بیٹھے دیگر مسافرین نے ان کی مدد نہیں کی ۔
عمر عبداللہ نے واقعہ کے ردعمل میں مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا ’ائر لائن وستارا کو پولیس کے ساتھ مل کر (چھیڑ چھاڑ کے مرتکب) شخص کی شناخت کرلینی چاہیے۔ اس کے خلاف کیس درج کرکے قانونی کاروائی شروع کی جانی چاہیے‘۔
اس دوران ائرلائن وستارا نے ایک ٹویٹ میں کہا ’ہم نے زائرہ وسیم سے متعلق رپورٹیں دیکھی ہیں۔ ہم تفصیلی تحقیقات کریں گے اورزائرہ وسیم کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ ہمارے لئے ایسی حرکات ناقابل برداشت ہیں‘۔





