نئی دہلی ۔12دسمبر(ملت ٹائمز)
جنسی مساوات کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے ،یورپ اور برطانیہ میں مردوزن کے درمیان فاصلہ ہونے کی وجہ سے بہت ساری مسلم خواتین الحاد کا راستہ اختیا رکررہی ہیں،یہ باتیں اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا میں منعقدہ ایک لیکچر کے دوران آج لندن سے تشریف لائے ڈاکٹر عطاءاللہ صدیقی نے کہی ۔انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ مسجدوں میں خواتین کا انتظام نہ ہونے اور ان کے ساتھ فاصلہ بنائے رکھنے کی وجہ سے مسلم خواتین الحادکا راستہ اختیار کررہی ہیںجو افسوسناک ہے اور اسلامی علوم کے ماہرین کو اس بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے ،انہوں نے یہ بھی کہاکہ آج ایک خاتون کو برقع پہناکر بظاہر ہم غیروں سے اس کے تعلقات کو روکنے کا دعوی کرسکتے ہیں لیکن ہمارے ہمارے سامنے پردہ نشیں ہوکر موبائل کا استعمال کرکے اس نے کہاں سے اپنے رشتے قائم کررکھے ہیں اس بارے میں ہم کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے ۔ ٹیکنالوجی ہماری بندشوں سے آگے بڑھ گئی ہے ،اس لئے بدلتے زمانے کے اعتبار سے کچھ چیزیں بدلنے کی ضرورت ہے ۔فیلڈ انسٹی ٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن لسٹر کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر عطاءاللہ صدیقی نے ”مذاہب کے ساتھ مذاکرات کا مستقل“ پر محاضرہ پیش کرتے ہوئے انسانی بنیاد وں پر مذاکرات کرنے اورغیر مسلموں سے رشتہ ہموار کرنے کی تلقین کی ۔انہوں نے اپنے تجربات کی روشنی میں کہاکہ ہندوستان میں ہندومسلم کے درمیان نظریاتی طور پر بہت دوریاں پائی جاتی ہیں ،مسلمانوں نے انہیں قریب کرنے اور اپنے بارے میں بتانے کی کوشش نہیں کی ہے ،مسلمان غیروں سے مذاکرات کرنے کے بجائے اپنوں سے کررہے ہیں جو بے فائدہ ہیں ۔ علاوہ ازیں انہوں نے عیسائیوں اور یہودیوں کے ساتھ بھی حضرت ابرہیم علیہ السلام کی تعلیمات کو بنیاد بناکر مذاکرت کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ملت ٹائمز کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر عطاءاللہ صدیقی نے کہاکہ مذہبی بنیاد پر یروشلم کے حقدار مسلمان کے ساتھ عیسائی اور یہودبھی ہیں ، تینوں کا اس سے مذہبی رشتہ ہے البتہ مسجد اقصی کے حقدار صرف اور صرف مسلمان ہیں ۔
لند ن سے تشریف لائے دوسرے مہمان فیلڈ انسٹی ٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن لسٹرکے استاذ شیخ فیصل احمد منجو نے بھی”الیکٹرونک کرنسی “کے موضوع پر اپنا خصوصی محاضرہ پیش کیا ۔
محاضرہ میں ڈاکٹر مفتی عبید اللہ قاسمی اسسٹنٹ پروفیسر ذاکر حسین کالج۔ پروفیسر اشتیاق دانش فائنانس سکریٹری آوئی اوایس۔ ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی ۔مولانا اعجاز اسلم ۔ پروفیسر ایوب ندوی ۔پروفیسر جنید حارث ۔پروفیسر نسیم اختر ۔مولانا عبد القادر قاسمی ۔ مفتی یحیی قاسمی ۔ڈاکٹر مفتی قمر الدین قاسمی سمیت متعدد اہل علم ودانشوران شریک تھے ۔قبل ازیں مہمانان کرام کی خدمت میں گلدستہ پیش کرکے ان کا استقبال کیا گیا ۔اس موقع پر اکیڈمی کے سکریٹری مولانا امین عثمانی ۔مفتی امتیاز احمد قاسمی ۔مفتی صفدر ندوی ۔مفتی احمد نادر القاسمی ۔جناب انیس اسلم سمیت سبھی اراکین موجودتھے ۔





