امریکہ کو منہ توڑ جواب، فلسطینیوں کو حق میں ایرانی پارلیمنٹ کا تاریخی اقدام

تہران۔28دسمبر(ایجنسیاں ملت ٹائمز)
امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے جواب میں ایران نے ایسا کام کر دیا ہے کہ اسرائیل کو دن میں تارے نظر آنے لگے۔ ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ایرانی پارلیمنٹ میں یروشلم کو فلسطین کا ’دائمی‘ دارالحکومت قرار دینے کی قرارداد پیش کی گئی جسے اراکین نے بھاری اکثریت سے منظور کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق ایران کی 290رکنی پارلیمنٹ میں قرارداد پر ووٹنگ کے وقت 207اراکین حاضر تھے اور ان تمام نے اس کے حق میں ووٹ دیا۔قرار داد کی منظوری پر اسپیکر علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ ”امریکہ نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرکے مسلمانوں کو شدید دکھ پہنچایا۔ یہ قرارداد اس کے اس فیصلے کے ردعمل میں بہترین جواب ہے۔“دریں اثناءغزہ کی پٹی میں فلسطینی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ سینوار نے کہا ہے کہ ”مجھے ایرانی فوج کی ایلیٹ قدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی نے فون کرکے تمام تر تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے فون پر کہا کہ ایرانی فوج کی تمام تر صلاحیتیں اور طاقت یروشلم کے دفاع کی جنگ میں آپ کے ساتھ ہیں۔“