ترکی ۔امریکہ تعلقات میں کچھ سدھار ،ویزا سروس بحال

انقرہ۔29دسمبر(ملت ٹائمزایجنسیاں)
ترک حکومت کی جانب سے امریکی سفارتی عملے کی حفاظت کی یقین دہانی کے بعد ترکی میں امریکی سفارت اور قونصل خانے اب مکمل ویزا سروسز بحال کر رہے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ انھیں اعتماد ہے کہ ترکی میں سکیورٹی صورتحال میں بہتری آگئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی نے امریکہ کو اعلیٰ ترین سطح پر یقین دہانی کروائی ہے کہ سفارتخانے کے کسی بھی مقامی اہلکار ہراساں نہیں کیا جائے گا۔ادھر واشنگٹن میں ترک سفارتخانے نے اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعے کے آغاز سے لگائی گئی امریکی شہریوں میں ترکی کے ویزے کی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔واضح رہے کہ رواں سال اکتوبر میں امریکی سفارتخانے کے ایک اہلکار کی گرفتاری کے بعد امریکہ نے ملک میں تمام غیر امیگرینٹ ویزا سروسز معطل کر دی تھیں۔اس اہلکار کو امریکہ میں مقیم مذہبی رہنما فتح اللہ گولن سے میبنہ تعلقات کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ترک حکومت کا کہنا ہے کہ گولن گذشتہ سال ملک میں ہونے والی ناکام بغاوت کے ذمہ دار ہیں۔