ہندوستان کی ممکنہ مداخلت سے بچنے کیلئے مالدیپ کے صدر عبد اللہ یامین نے اٹھایا احتیاطی قدم، چین ، پاکستان اور سعودی عرب کو اعتماد میں لینے کیلئے یہ کوشش کی

مالے۔8فروری(ملت ٹائمز)
مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین نے ملک میں جاری بحران کے نتیجے میں ممکنہ ہندوستانی مداخلت اور جارحیت کے آگے بند باندھنے کیلئے پاکستان، چین اور سعودی عرب کیلئے اپنے وزراءروانہ کردیے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ اور چیف جسٹس کی گرفتاری کے بعد حزب اختلاف کے رہنماﺅں نے ہندوستان کو مداخلت کی دعوت دی تھی۔ مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین نے معاشی ترقی کے وزیر محمد سعید کو چین، وزیر خارجہ محمد عاصم کو پاکستان اور زراعت و فشریز کے وزیر محمد شینی کو سعودی عرب بھیجا ہے۔ تینوں وزرا اپنے دوست ممالک کو مالدیپ کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کریں گے اور اس پر اعتماد میں لیں گے۔
مالدیپ کے جلا وطن رہنما نشید نے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ، چیف جسٹس سمیت سپریم کورٹ کے دیگر ججوں کی گرفتاری پر ہندوستان سے فوجی مداخلت کی درخواست کی ہے۔ ہندوستان نے مالدیپ میں1988 میں براہ راست فوجی مداخلت کی تھی تاہم اس کے بعد ہندوستان نے مالدیپ کی غیر یقینی سیاسی صورتحال میں کبھی براہ راست مداخلت نہیں کی۔ تجزیہ کاروں نے مشورہ دیا ہے کہ پہلے سفارتی طور پر مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی جائے اس کے بعد معاشی پابندیاں لگائی جائیں اور پھر فوج بھیجی جائے۔ دوسری جانب چین نے ہندوستان کو مالدیپ میں کسی بھی فوجی مداخلت سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان اور مالدیپ میں طویل المدتی تعلقات ہیں تاہم ان میں دراڑ اس وقت پڑنا شروع ہوئی جب مالدیپ نے چین کے ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں شمولیت اختیار کی۔