مسلم علاقوں میں یوم آزادی کا پروگرا م منعقد نہیں ہونا چاہیئے ،اوپر سے یہ حکم آیاہے :دہلی پولس

ملت ٹائمز کے ذریعہ ہم مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ 15 اگست کو 8 بجے اپنے ہاتھوں میں جھنڈا لیکر شاہ مرداں آئیں اور یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کریں ۔
نئی دہلی(ملت ٹائمز)
ہندوستان میں ایک طرف جہاں بی جے پی حکومت مسلمانوں اور مدارس کی حب الوطنی کا امتحان لے رہی ہے ،مدارس کو نوٹس جاری کرکے یوم آزادی اور یوم جمہوریہ کے مواقع پر پروگرام کی ویڈیو گرافی کرنے کیلئے کہ رہی ہے وہیں دوسری طرف دہلی میںپولس مسلم تنظیموں کو یوم آزادی کا پروگرام کرنے سے روک رہی ہے اور یہ بھی کہ رہی ہے کہ ہمیں اوپر سے حکم ہے اس لئے ہم اس کی تعمیل پر مجبور ہیں ۔
زیر بحث واقعہ معرو ف تنظیم انجمن حیدری کا ہے جس کے تلے گذشتہ ستر سالوں سے جوڑباغ شاہ مرداں میں یوم آزادی اور یوم جمہوریہ کا پروگرام منعقد ہوتا آرہاہے اس کو روکا جارہاہے اور پولس وہاں جھنڈا نہیں لہرانے دے رہی ہے ۔انجمن حید ری کے جنرل سکریٹری بہادر عباس نقوی نے ملت ٹائمز کے خاص پروگرام خبردر خبر میں شمس تبریز قاسمی سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم آزادی کے فورا بعد سے شاہ مرداں میں یوم آزادی کی تقریب منعقدکررہے ہیں،گذشتہ تیس سالوں کا ہمارے پاس پولس ریکاڈ ہے ۔آٹھ سو سالہ یہ قدیم درگاہ ہے لیکن جب سے مودی سرکار آئی ہے ہمیں پولیس کے ذریعہ آر ایس ایس کے اشارے پر وہاں جھنڈا نہیں لہرانے دیا جارہاہے ۔انہوں نے بتایاکہ 2016 میں بھی ہمیں روکا گیا ۔گذشتہ سال 2017 میں ہمیں پولیس نے نوٹس جاری کرکے کہاکہ آپ یہاں جھنڈا نہیں لہراسکتے ہیں جس کے بعد قومی اقلیتی کمیشن کی مداخلت کے بعد ہمیں یوم آزادی کی تقریب منعقد کرنے کی اجازت ملی ۔اس سال پھر ہمیں اس تقریب کو کرنے سے روک دیاگیا ہے جس کے بعد ہم نے اقلیتی کمیشن سے رابطہ کرکے اجازت حاصل کی اور ہمار ے منیجر لیٹر لیکر تھانہ گئے تو وہاں کہاگیا کہ یہاں سے چپ چاپ چلے جاﺅ ورنہ یہیں بند کرکے رات بھر الٹالٹکاکر ماریں گے ۔انہوں نے بتایاکہ ایس ایچ او کا کہناہے کہ ہمیں اوپرسے کہاگیاہے کہ مسلم علاقوں میں کوئی بھی یوم آزادی کا پروگرام نہیں ہونا چاہیئے ۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آر ایس ایس اور بی جے پی چاہتی کہ مسلمانوں کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش نہ ہونے پائے اور اسے بدنام کیا جائے ۔یوم آزادی کا پروگرام ملک سے ہماری محبت کی دلیل ہے لیکن یہ انہیں منظور نہیں ہے یہ چاہتے ہیں کہ دنیا کے سامنے یہ پیغام جائے مسلمان یوم آزادی کا پروگرام نہیں کرتے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ پولیس نے کہاہے کہ ہم جھنڈا نہیں لہرانے دیں گے لیکن ہم وہیں پر جھنڈا لہرائیں گے ۔سینہ پر گولیاں کھاکر وہاں جھنڈا لہرائیں گے ۔آر ایس ایس اور بی جے پی کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ملت ٹائمز کے ذریعہ ہم مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ 15 اگست کو 8 بجے اپنے ہاتھوں میں جھنڈا لیکر شاہ مرداں آئیں اور یوم آزادی کی تقریب میںشرکت کریں ۔
اس مسئلے پر ملت ٹائمز سے بات کرتے ہوئے دہلی اقلیتی کمیشن کے چیرمین ڈاکٹر ظفر الاسلام خان نے کہاکہ یہ زمین کا تنازع ہے جس کی بنیاد ممکن ہے پولیس روک رہی ہو ،قومی اقلیتی کمیشن اس میں ملوث ہے اس لئے ہم کچھ نہیں کررہے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ یہ بات ناقابل یقین کہ ایس ایچ او ایسی غیر ذمہ دارانہ بات کہے ۔
لودھی روڈ پولس اسٹیشن کے ایس ایچ او روی شنکر نے اس بارے میںملت ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ جس جگہ پر جھنڈا لہرانے سے روکاگیاہے وہ منتازع ہے اور ہائی کورٹ میں اس کا مقدمہ زیر بحث ہے ،وہاں اسٹے لگاہواہے ۔ان سے جب ملت ٹائمز نے اس بات کی تحقیق چاہی کہ آپ نے کہاہے کہ اوپر سے حکم آیاہے کہ مسلم علاقوں میں کہیں بھی یوم آزادی کا پروگرام نہیں ہونا چاہیئے تو انہوں نے اس کی تردید کرتے ہوئے صریح الزام بتایا ۔

SHARE