پرواسی بھارتیہ دِوس کو کمبھ میلے کے ساتھ جوڑنا تفریقی ایجنڈے کا حصہ: پاپولر فرنٹ

نئی دہلی)ایم این این)
پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چیئرمین ای ابوبکرنے کہا کہ 15ویں پرواسی بھارتیہ دِوس کانفرنس کی تاریخ کو آگے بڑھا کر اسے کمبھ میلے کے ساتھ جوڑنے کا وزارت خارجہ کا فیصلہ فرقہ وارانہ تفریقی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
  وزارت خارجہ کے ذریعہ اس کانفرنس کو ایک خالص ہندو تہوار کمبھ میلے کے ساتھ جوڑا جانا دراصل غیر ممالک میں رہنے والے ہندوستانیوں کی متنوع فطرت سے لاتعلقی کا اظہار اور لوگوں پر ان کی مرضی کے برخلاف ایک خاص مذہب کو تھوپنے کی کوشش ہے۔اس قسم کا فیصلہ مکمل طور پر ہمارے دستور کی سیکولر روح کے خلاف ہے۔ غیر ممالک میں رہنے والے ہندوستانیوں کے درمیان فرقہ وارانہ تفریق پیدا کرکے پرواسی بھارتیہ دِوس میں رد و بدل کی یہ کوشش بے حد شرمناک ہے۔ یہ حکومت کے ذریعہ منعقدہ عوامی پروگراموں کے بھگواکرن اور انہیں مذہبی رنگ دینے کے ایجنڈے کا پتہ دیتا ہے۔
ای ابوبکر نے مرکزی حکومت سے اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
SHARE