نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنا بی جے پی کی پرانی عادت ہے ،نوکری نہ دیکر لاٹھی کھلارہی ہے :اکھلیش

لکھنؤ(ایم این این )اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں بی ٹی سی امیدواروں پرہوئے لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے سنیچر کو کہا کہ نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کرنا برسراقتدار پارٹی بی جے پی کا پرانا طرزعمل ہے۔

بی ٹی سی امیدواروں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران مسٹر یادو نے کہا کہ بی جے پی نفرت وعداوت سے کام کرتی ہے۔ نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنا بی جے پی کا پرانا طرز عمل ہے۔ سماج وادی پارٹی طلبہ و نوجوانوں کے مفاد کی لڑائی ہمیشہ لڑتی رہی ہے۔ مسٹر یادو نے بی ٹی سی امیدواروں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے ایک بھی نوکری نہیں دی ہے اور جو مانگنے آیا اسے بدلے میں لاٹھی ملی۔ بی جے پی کے کام کرنے کا جو طریقہ ہے اس سے ریاست کے نوجوان سخت غصے میں ہیں۔ وہ پہلے ہی بے روزگاری اور معاشی تنگی جھیل رہے ہیں، بی جے پی حکومت نے طلبہ و نوجوانوں کے سپنوں کو توڑا ہے۔ نوجوان کو روزگار دلانے میں یہ حکومت پوری طرح سے ناکام رہی ہے۔ حکومت نے جو بربر رویہ بی ٹی سی امیدواروں کے ساتھ کیا ہے وہ بے حد شرمناک ہے۔ سماجوادی پارٹی اس حکومت کے رویہ کی سخت مذمت کرتی ہے۔

تربیت یافتہ ٹیچروں نے سابق وزیر اعلی کو بتایا کہ اسمبلی کے سامنے پر امن طریقے سے اپنے مطالبات کی تکمیل کے لئے احتجاج کر رہے بی ٹی سی امیدواروں کو پولیس نے بے رحمی کے ساتھ لاٹھیاں برسائیں جس کی وجہ سے کئی خاتون اور مرد امیدوارسنگین طور سے زخمی ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی کئی لوگوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ وفد نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں روزگار کے مواقع ختم کئے جا رہے ہیں ، موجودہ حکومت میں اب تک کوئی بھی ویکنسی پوری نہیں کی جاسکی ہے۔ بی ٹی سی امیدوار 13 اگست سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن ریاست کی حکومت نے اس ضمن میں اب تک کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی ہے۔ اس کے برخلاف امیدواروں کو بری طرح سے پیٹا جارہا ہے۔

SHARE