امریکی انتخابات میں پہلی مرتبہ دومسلم خواتین نے حاصل کی کامیابی

وسط مدتی انتخابات میں پہلی مرتبہ دو مسلم خواتین کو کامیابی ملی ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار رشیدہ طالب اور الہان عمر امریکی کانگریس کیلئے منتخب کی گئی ہیں
واشنگٹن(ایم این این )
امریکہ میں پہلی مرتبہ دو مسلم خواتین انتخابات جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق وسط مدتی انتخابات میں پہلی مرتبہ دو مسلم خواتین کو کامیابی ملی ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار رشیدہ طالب اور الہان عمر امریکی کانگریس کیلئے منتخب کی گئی ہیں۔رشیدہ کو مشی گن سے جیت ملی جب کہ الہان عمر نے منیسوٹاسے بازی ماری ہے۔ اس سے پہلے ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار رشیدہ نے مشی گن میں جونیئرس جان کانیرس کو شکست دے کر اپنی دعویداری پیش کی تھی۔
واضح رہے کہ 4 اکتوبر 1981 کو پیدا ہونے والی 37 سالہ الہان کا تعلق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو سے ہے جو امریکی ریاست ’منیسوٹا‘ سے ڈیموکریٹک پارٹی کی رکنِ پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد پہلی صومالین امریکی قانون ساز خاتون بن گئیں۔وہیں رشیدہ 24 جولائی 1974 میں متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے فلسطینی گھرانے میں پیدا ہوئیں اور اپنے 14 بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں۔ رشیدہ کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی میں سوشلسٹ گروپ سے ہے اور وہ اپنے حلقے میں خاصی مقبول ہیں۔وہ یکم جنوری 2009 کو مشی گن اسمبلی کی پہلی مسلم خاتون رکن منتخب ہوئی جبکہ امریکی تاریخ میں کسی بھی قانون ساز ادارے کی رکن بننے والی دوسری مسلمان خاتون ہیں۔

SHARE