نئی دہلی (ایم این این )کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر پریس سے بات نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے طنز کیا کہ انہیں اپنے 56انچ کے سینے کے ساتھ پریس کانفرنس کرنی چاہیے۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ کانگریس صدر کے طور پر وہ مسلسل میڈیا سے بات کرتے رہتے ہیں اور ان کے ہر سوال کا جواب دیتے ہیں لیکن وزیراعظم پریس سے کبھی بات نہیں کرتے۔ انہوں نے پہلے بھی کئی باریہ الزام عائد کیا ہے کہ مسٹر مودی پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دینے سے ڈرتے ہیں اس لئے وہ پریس سے بات نہیں کرتے۔
انہوں نے اتوار کو ٹوئٹ کیا کہ ’کل چھتیس گڑھ میں میں نے پریس کے ارکان سے بات چیت کی۔ اس بات چیت کی ایک چھوٹی سی ویڈیو دیکھیں۔ مجھے یقین ہے کہ ایک دن ہمارے وزیراعظم بھی (اپنے 56 انچ کے سینے کے ساتھ) پریس کانفرنس کریں گے‘ ۔ اس کے ساتھ ہی مسٹر گاندھی نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں وہ چھتیس گڑھ میں اپنے انتخابی پروگرام کے دوران صحافیوں سے بات چیت کررہے ہیں اور ان کے ہر سوال کا جواب دے رہے ہیں۔