مٹھی بھر شر پسند عناصر ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی فضا کو مسموم کرنا چاہتے ہیں : مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی

دہلی ۔ (ایم این این)مرکزی جمعیت اہل حدیث( ہند) سے جاری ایک اخباری بیان کے مطابق مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے امرتسر میں نرنکاری ست سنگ ڈیرہ پر ہوئے گرینیڈ حملہ جس میں تین افراد ہلاک اور پندرہ افراد زخمی ہوئے، کی پر زور مذمت کی ہے اور اسے بزدلانہ اورغیر انسانی عمل قرار دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یوں تو دہشت گردی ایک مذموم عمل ہے لیکن اگر وہ مذہبی مقامات اور اجتماعات پر ہوتو اس کی شدت مزید بڑھ جاتی ہے۔ مٹھی بھر شر پسند عناصر اس طرح کی مذموم واردات انجام دے کر ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی فضا کو مسموم کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ اس دہشت گردانہ حملے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرائے اور اصل مجرموں کو قرار واقعی سزا دےتاکہ آئندہ کوئی اس طرح کی غیر انسانی واردات انجام دینے کی جرأت نہ کرسکے۔
اصغر امام سلفی نے اپنے بیان میں مہلوکین کے ورثاء سے قلبی تعزیت کی ہے اور زخمیوں کے ساتھ دلی ہمدردی کاا ظہار کیا ہے۔ اور کہا ہے کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

 

SHARE