نئی دہلی(ملت ٹائمزآئی این ایس انڈیا)
راجستھان کے گورنر کلیان سنگھ نے ایک بار پھر ایسا بیان دیا ہے جو ایک نئے تنازعہ کو جنم دے سکتا ہے۔آئینی عہدے پر رہتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ نریندر مودی کا وزیر اعظم بننا ملک کے لئے معقول حد تک ضروری ہے، ہم سب بی جے پی کے کارکنان ہیں اور چاہتے ہیں کہ بی جے پی بڑی جیت حاصل کرے۔ کلیان سنگھ نے کہاکہ ہم تمام بی جے پی کے کارکنان ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ بی جے پی بڑی جیت حاصل کرے،ملک کے لئے ضروری ہے کہ نریندر مودی دوبارہ وزیر اعظم بنیں۔کلیان سنگھ کا یہ بیان اتر پردیش کے علی گڑھ میں آیا ہے۔بتا دیں کہ کلیان سنگھ کے بیٹے راجویر سنگھ عرف راجو بھیا ایٹہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
غور طلب ہے کہ کلیان سنگھ راجستھان کے گورنر ہیں، ایسے میں صاف ہے کہ وہ ایک آئینی عہدے پرفائز ہیں۔ہندوستانی آئین کے تحت آئینی عہدے پر بیٹھا کوئی بھی شخص کسی بھی ایک سیاسی پارٹی کی حمایت نہیں کر سکتا ہے، اس کو ہمیشہ منصفانہ ہی رہنا ہوگا۔بتا دیں کہ ابھی دو دن پہلے ہی کلیان سنگھ نے علی گڑھ سے بی جے پی امیدوار ستیش گوتم ٹکٹ ملنے کی مخالفت کی تھی، تب انہوں نے کہا تھا کہ پارٹی نے ایک ایسے شخص کو ٹکٹ دیا ہے، جو کبھی اترول¸ (لوک سبھا علاقے میں ہی ایک جگہ) گیا ہی نہیں ہے،جس کے بعد بھی کئی طرح کی قیاس آرائیاں کی جانے لگی تھیں۔بتا دیں کہ ستیش گوتم ہی ابھی علی گڑھ سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔کلیان سنگھ اتر پردیش کے بڑے قدآور لیڈر رہے ہیں، 6 دسمبر 1992 میں جب ایودھیا میں کارسیوکوں نے بابری مسجد کوشہیدکیاتھا تب کلیان سنگھ ہی یوپی کے وزیر اعلی تھے۔شہادت کے لئے کلیان سنگھ کو ذمہ دار مانا گیا۔کلیان سنگھ نے اس کی اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے 6 دسمبر، 1992 کو ہی وزیر اعلی کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا لیکن دوسرے دن مرکزی حکومت نے یوپی کی بی جے پی حکومت کو برخاست کر دیا تھا۔






