ڈپلومہ ان انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر کیلئے 140 طلبہ کا انتخاب ۔ متعدد مدارس کے تقریباایک ہزار طلبہ نے داخلہ امتحان میں لیاتھا حصہ

مرکز المعارف اپنے مشن اور مقصد میں کامیاب ہے ۔آج ہندوستان کے علاوہ امریکہ ،برطانیہ ،سعودی عرب ،ساﺅتھ افریقہ ،متحدہ عرب امارات ،سنگاپور ،ملیشیا سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں مرکز المعارف ممبئی اور اس کی متعدد شاخوں سے فیض یافتہ فضلاءمدارس دین کے فروغ اور مختلف جہات سے علم دین کی نشرواشاعت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں
دیوبندنئی دہلی (ملت ٹائمز)
فضلاءمدارس کو انگریزی سکھانے والے معروف ادارہ مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر اور اس کی متعدد شاخوںمیں ڈپلومہ ان انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر سال 2019-21 کیلئے کل 140 سال طلبہ کا انتخاب عمل میں آیا ہے جبکہ 72 امیدواروں کانام ویٹنگ لسٹ میں شامل ہے جنہیں منتخب کردہ امیدواروں کی عدم حاضری کی صورت میں داخل کیا جائے گا ۔
مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر ہندوستان سمیت عالم اسلام کا پہلا ادارہ ہے جہاں فضلاءمدارس کو دوسالہ انگریزی زبان وادب کا ڈپلوماکرایاجاتاہے ۔ مرکزی ادارہ ممبئی میں واقع ہے جبکہ ہندوستان کے متعدد صوبوں اور شہروں میں اس کی ذیلی شاخیں موجود ہیں ۔ ہر سال داخلہ امتحان کا انعقاد ہوتاہے جس میں کامیاب ہونے والے طلبہ داخلہ کیلئے اہل قرار دیئے جاتے ہیں ۔ تمام اداروں کا امتحان ایک ساتھ ہوتاہے ۔ سال-21 2019 کے داخلہ امتحان میں مر کز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر ممبئی کے علاوہ مرکز اسلامی انکلیشور گجرات ۔جامعہ جلالیہ ہوجائی آسام ۔المہد العالی الاسلامی حیدرآباد ۔مدنی فاﺅنڈیشن فور ایجوکیشن اینڈ ریسرچ ڈیولپمنت کاشی پورکلکتہ۔مرکز احیاءالفکر الاسلامی مظفر آباد سہارنپور یوپی ۔مرکز الامام ولی اللہ ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر خیل پور ،روڑکی ،ہریدوار جیسے اداروں نے شرکت کی ۔سخت انتظامات کے درمیان دیوبند میں داخلہ امتحان کی کاروائی مکمل ہوئی ۔
ڈپلومہ ان انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر کے نیشنل کوآڈینٹر مولانا مدثر احمد قاسمی نے ملت ٹائمز سے بتایاکہ 2019-21 کی بینچ کیلئے دارالعلوم دیوبند ۔ دارالعلوم ندوة العلماءلکھنو ۔مظاہر علوم سہارنپور ۔دارالعلوم وقف دیوبند ۔ دارالعلوم شاہی مرادآباد سمیت متعدد اداروں اور مدرسوںکے تقریبا 1000 طلبہ نے داخلہ امتحان میں حصہ لیا تھا جن کا پہلے تحریری امتحان ہوا ۔ تحریری امتحان میں پاس ہونے والوں فضلاءکا تقریری امتحان لیاگیا اس کے بعد کل تمام اداروں کیلئے کل 140 طلبہ کا انتخاب عمل میں آیا۔
تفصیلات کے مطابق مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر ممبئی کیلئے 30 طلبہ کا انتخاب عمل میں آیاہے جبکہ ویٹنگ لسٹ میں 15 امیدواروں کا نام ہے ۔ مرکز اسلامی انکلیشور گجرات نے 15 امیدواروں کا داخلہ لیاہے جبکہ 9 کا نام ویٹنگ لسٹ میں شامل ہے ۔جامعہ جلالیہ ہوجائی آسام نے 20 طلبہ کا داخلہ لیاہے جبکہ 10 کا نام ویٹنگ لسٹ میں شامل ہے ۔المہد العالی الاسلامی حیدرآباد نے اپنے یہاں 25امیدواروں کا داخلہ لیا ہے جبکہ 12 ویٹنگ لسٹ میں ہیں ۔مدنی فاﺅنڈیشن فور ایجوکیشن اینڈ ریسرچ ڈیولپمنت کاشی پورکلکتہ نے 25 امیدواروں کا داخلہ لیاہے جبکہ ان کے یہاں 11 ویٹنگ لسٹ میں ہیں ۔مرکز احیاءالفکر الاسلامی مظفر آباد سہارنپور یوپی نے اپنے یہاں 25 طلبہ کا داخلہ لیاہے جبکہ 10 ویٹنگ لسٹ میں ہیں ۔مرکز الامام ولی اللہ ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر خیل پور ،روڑکی ،ہریدوار کل 20 طلبہ کا داخلہ لیاہے جبکہ 5 امیدواروں کا نام ویٹنگ لسٹ میں شامل ہے ۔
مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر مولانا برہان الدین قاسمی نے ملت ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ سالوں کی طرح سال رواں بھی خوشگوار ماحول میں امتحان مکمل ہوا ۔ فضلاءمدارس نے ہمیشہ کی طرح اس سال بھی جو ش وجذبے کے ساتھ داخلہ امتحان میں حصہ لیا اور اپنے اعتبار سے اچھا جواب دینے کی کوشش کی ۔ایک سوال کے جوا ب میں مولانا برہان الدین قاسمی نے کہاکہ ڈپلوما کے داخلہ امتحان میں انہیں علوم کے بارے میں سوالات کئے جاتے ہیں جو طلبہ مدارس میں پڑھتے ہیں ۔ انگریزی زبان کی معلومات سے متعلق سوالات نہیں ہوتے ہیں اور نہ ہی کسی طالب عالم کی انگریزی میں معلومات ذرہ برابر بھی وجہ ترجیح ہوتی ہے ۔ہم بالکل ابتدائی مرحلے سے انگریزی زبان سکھاتے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ مرکز المعارف اپنے مشن اور مقصد میں کامیاب ہے ۔آج ہندوستان کے علاوہ امریکہ ،برطانیہ ،سعودی عرب ،ساﺅتھ افریقہ ،متحدہ عرب امارات ،سنگاپور ،ملیشیا سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں مرکز المعارف ممبئی اور اس کی متعدد شاخوں سے فیض یافتہ فضلاءمدارس دین کے فروغ اور مختلف جہات سے علم دین کی نشرواشاعت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں جس کا سہرا براہ راست اس فکر اور تحریک کے بانی مولانا بدرالدین اجمل قاسمی کو جاتاہے جنہوں نے 1990 کی دہائی میں یہ انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے فضلاءمدارس کیلئے دوسالہ انگریزی ڈپلوما کورس شروع کرنے کا فیصلہ کیاتھا ۔
واضح رہے کہ ڈپلومہ ان انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر کے داخلہ امتحان کو مدارس کی دنیا میں نمایاں اہمیت حاصل ہے اور ملک بھر کے مدارس ،طلبہ واساتذہ کی اس امتحان پر نظر رہتی ہے ۔ کامیاب ہونے والے طلبہ کو خصوصی ذہانت اور صلاحیت کا حامل سمجھاجاتاہے ۔

SHARE