نئی دہلی (ملت ٹائمز)
دارالعلوم صدیقیہ نبی کریم نئی دہلی میں تکمیل حفظ قرآن کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت مولانا اویس احمد قاسمی اور نظامت مفتی عمر فرید چشتی قاسمی نے کی۔ مہمان خصوصی کے طور پر فیصل نذیر قاسمی(ریسرچ اسکالر جامعہ ملیہ اسلامیہ ) اور ابوالخیر قاسمی نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز امداد اللہ رشیدی اور کامران نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ اس موقع پر دارالعلوم صدیقیہ کے بانی وناظم مولانا قاری انیس الرحمٰن نعمانی نے قرآن کریم کو پڑھنے پڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ قرآن ہی ہماری کامیابی وکامرانی کا ضامن ہے ، ہمیں جہاں قوم نونہالوں کو قرآن کریم دلانا ہے وہیں ان کی تربیت بھی ضروری ہے۔قبل ازیں انہو ںنے مہمانوں کا تعاف پیش کیا۔ ریسرچ اسکالر فیصل نذیر قاسمی نے مدرسہ کی تعلیم پر اطمینا ن وسکون اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ قوم کے بچوں کو دین کی بنیادی تعلیم کے ساتھ میڈیکل اور انجینئرنگ کی تعلیم بھی دلائیں، یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ابوالخیر قاسمی نے بھی ننھے منے بچوں کی تعلیمی کارکردگی کو سراہا اور مدرسہ کو مالی تعاون بھی پیش کیا۔ مہمانوں نے حفظ مکمل کرنے والے طالب علم حافظ محمد ریاض ابن مکرم علی کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر مولانا تنویر عالم، جمال، گڈو، فیروز، نوشاد وغیرہ نے بطور خاص شرکت کی۔






