نئی سرکار بننے کے بعد سیمانچل میں مرحوم تسلیم الدین کے نام سے ایک مرکزی یونیورسیٹی بنوائیں گے : اویسی

کشن گنج(ملت ٹائمز)
بیرسٹر اسدالدین اویسی نے کشن گنج میں اپنے امیدوار اختر الایمان کی حمایت میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم آئی ایم سیمانچل کی لڑائی مسلسل لڑرہی ہے ۔پارلیمنٹ میں سب سے پہلے ہم نے سیمانچل کی آواز اٹھائی ، پرائیوٹ بل پیش کیا اور یہاں کی پسماندگی دور کرنے کیلئے ہماری لڑائی جاری رہے گی ۔انہوں نے کہاکہ آپ سے ہمارا وعدہ ہے کہ 23 مئی کا نتیجہ آنے کے بعد جب ہم اور اختر الایمان پارلیمنٹ میں پہونچیں گے تو جو نئی سرکار مرکز میں بنے گی اس سے سب سے پہلا مطالبہ سیمانچل میں ایک مرکزی یونیورسیٹی بنانے کا کریں گے اور یہ ادارہ یہاں کے مشہور قد آور لیڈرمرحوم تسلیم الدین کے نام سے ہوگا ۔
اسدالدین اویسی نے کہاکہ الحاج تسلیم الدین اور مولانا اسرارالحق قاسمی رحمة اللہ علیہما یہاں کے قد آور لیڈر تھے ان کے بعد اب یہاں اختر الایمان ہیں ،آپ سب لوک اختر لایمان کو کامیاب بنائیں وہ آپ کے درمیان رہیں گے ۔آپ کے حقوق کی جنگ لڑیں گے ۔