سادھوی پرگیہ کی بدزبانی جاری ۔ دگ وجے کو بتایا دہشت گرد

نئی دہلی25 اپریل( آئی این ایس انڈیا )
مدھیہ پردیش کے بھوپال پارلیمانی حلقہ سے بی جے پی کی امیدوار سادھوی پرگیہ ٹھاکر نے کانگریس کے امیدوار اور سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ کو دہشت گرد بتایا ہے۔ انہوں نے یہ بیان جمعرات کو سیہور میں انتخابی مہم کے دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے دیا۔ بھوپال پارلیمانی حلقہ کے سیہور ر میں تشہیری مہم کے آفس کا افتتاح کرتے ہوئے پرگیہ ٹھاکر نے دگ وجے سنگھ پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں 16 سال پہلے اوما بھارتی نے شکست دی تھی اور وہ 16 سال منہ نہیں اٹھا پائے ، مزید سیاست کی ہمت نہیں ہوئی ، اب پھر سے سر اٹھا ہے تو دوسری ’سادھوی ‘ سامنے آ گئی ہے جو اس کی ’کرموں ‘ ( اعمال کا راست ثبوت ہے)۔انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر ایسے دہشت گرد کا ’ستیاناس‘ کرنے کے لئے ’سادھوی ‘کو کھڑا ہونا پڑا ہے۔ بھوپال پارلیمانی حلقہ سے کانگریس نے سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ کو امیدوار بنایا ہے۔ بی جے پی اور بی جے پی امیدوار سادھوی پرگیہ ٹھاکر مسلسل دگ وجے سنگھ اور کانگریس پر حملے کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے پرگیہ نے ممبئی میں دہشت گردوں سے لوہا لیتے ہوئے شہید ہونے والے آنجہانی شہید ہیمنت کرکرے کی شہادت کو لے کر متنازعہ بیان دیا تھا۔انہوں نے مالیگاو¿ں بم دھماکے کے معاملے میں ہوئی گرفتاری کے دوران ہیمنت کرکرے کو دیے گئے ’شراپ ‘کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس وقت میں نے کرکرے سے کہا تھا کہ تیراستیاناس ہو گا ۔ اس معاملہ کے طول پکڑنے پر پرگیہ کو الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کیا تھا، جس کا ان کی طرف سے جواب دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے جواب میں کہا تھا “میں نے شہید کی توہین نہیں کیا، مجھے جو اذیتیں دی گئیں ، میں نے ان کا صرف ذکر کیا ہے۔واضح ہو کہ جب سے سادھوی پرگیہ ٹھاکرکو بی جے پی کی طرف سے امیدوار بنایا گیا ہے ، اس وقت سے متنازعہ بیان دے کر میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے ۔