کوٹہ(ایم این این )
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کی باراں ضلع یونٹ کی جانب سے 4مئی 2019کو مرحوم محمد رمضان کو انصاف اور ان کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کے مطالبہ کو لیکر انجمن تعلق تا پرتاب چوک ایک ریالی نکال کر احتجاج کیا۔ اس احتجاجی مظاہرے میں ریاستی صدر محمد رضوان خان، ریاستی نائب صدر سیتا رام کھوئیوال،ریاستی جنرل سکریٹری اشفاق احمد،ریاستی سکریٹری صادق صراف ، گر وچند سنگھ، باراں ضلعی صدر عبدالعزیز شریک رہے۔ ریاستی صدر محمد رضوان خا ن نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 26اپریل کو راجستھان ، باراں ضلع کے ساکن محمد رمضان کا کوٹہ کے میڈیکل کالج جیل میں پولیس حراست میں تشدد کی وجہ سے موت ہوگئی تھی۔جس کی مذمت کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی نے احتجاجی دھرنے دیئے تھے اور پولیس اور انتظامیہ پر دباﺅ بنایا اور میمورینڈم کے ذریعے مطالبہ کیا تھا کہ خاطی پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے ان پر قتل کا مقدمہ درج کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے۔ جس پر پولیس انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ پولیس اہلکار کو معطل کیا تھا۔ ایس ڈی پی آئی نے مطالبہ کیا تھا کہ پولیس اہلکاروں کو نہ صرف معطل کیا جائے بلکہ ان پر 305دفعہ کے تحت قتل کا مقدمہ درج کرکے انہیں فوری طور پر نوکری سے نکالا جائے اور مرحوم کے اہل خانہ کو 50لاکھ روپئے معاوضہ اور سرکاری نوکری دی جائے۔ رضوان خان نے بتایا کے محمد رمضان پر پولیس اہلکاروں نے مذہب کا نام لیکر محمد رمضان پر تشدد اور کو زود وکوب کیا ہے جو بے حد تشویش کی بات ہے۔ احتجاجی مظاہرے کے اختتام میں ایس ڈی پی آئی کے ایک وفد نے کوٹہ اور باراں کے ڈی سی ایم کومذکورہ مطالبات پر مشتمل ایک میمورینڈم سونپا ۔اس احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں پارٹی کارکنان اور عوام شریک رہے۔






