مغربی بنگال میں تشدد پر الیکشن کمیشن سخت۔رات 10 بجے سے انتخابی مہم پر روک، داخلہ سکریٹری بھی ہٹائے گئے

کولکاتہ15مئی(آئی این ایس انڈیا)
مغربی بنگال میں کل بی جے پی صدر امت شاہ کے روڈشومیں ہوئے تشدد کے بعد الیکشن کمیشن سخت ہو گیا ہے۔آج الیکشن کمیشن نے بڑا اعلان کیا ہے کہ مغربی بنگال میں انتخابی مہم ایک دن پہلے یعنی 24 گھنٹے پہلے ہی ختم ہو جائے گی۔جو انتخابی مہم جمعہ کو ختم ہونی تھی وہ کل رات 10 بجے سے تھم جائے گی۔ریاست میں کسی بھی اسٹیج پر انتخابی مہم سے منسلک سرگرمی نہیں کی جاسکے گی۔اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال کے داخلہ سکریٹری کو بھی معطل کر دیاہے۔الیکشن کمیشن نے ریاست کے چیف سکریٹری کو داخلہ سکریٹری کی ذمہ داری سونپنے کا حکم دیا۔مغربی بنگال میں ساتویں مرحلے کے تحت 19 مئی کو 9 سیٹوں پر ووٹنگ ہونی ہے اور اس کے لیے تشہیر17 مئی کو ختم ہونی تھی لیکن اب اس نے حکم جاری کرکے مغربی بنگال کے نولوک سبھا علاقوں میں جمعرات کی رات دس بجے سے انتخابی مہم پرروک لگا دی ہے۔آج الیکشن کمیشن نے ایک پریس کانفرنس میں اس کی اطلاع دی۔اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے ودیا کالج میں مجمسہ توڑے جانے پر بھی غصہ کااظہارکیاہے۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اسے امید ہے کہ ریاستی انتظامیہ کی طرف مجسمہ کو توڑنے والوں کو جلد پکڑ لیا جائے گا۔