ہجومی تشدد کی عرضی پر سماعت کرنے سے سپریم کورٹ کا انکار

نئی دہلی: (ایم این این) ہجومی تشدد پر لگام لگانے کے لیے ملک بھر میں بیداری پھیلانے اور ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے علیحدہ قانون بنانے کی درخواست کو سپریم کورٹ نے مسترد کردی ہے۔
سپریم کورٹ نے ہجومی تشددکو روکنے کے سلسلے میں ملک بھر میں بیداری پھیلانے اور ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے الگ سے قانون بنانے سے متعلق مفاد عامہ کی عرضی جمعہ کو مسترد کر دی۔
جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس سنجیو کھنہ کی بینچ نے ہریش کوشک نامی شخص کی عرضی سماعت کے بعد مسترد کر دی۔بینچ نے یہ کہتے ہوئے عرضی مسترد کر دی کہ ہجومی تشدد کے معاملے پر عدالت عظمیٰ نے پہلے ہی ہدایات جاری کی ہوئی ہیں اور اس میں نئے سرے سے کچھ کہنے یا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔درخواست گزار نے اپنی عرضی میں سپریم کورٹ سے مہاراشٹر کے پالگھر میں سادھوؤں کا پیٹ پیٹ کر کیے گئے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے ہجومی تشددپر لگام لگانے کے لیے ملک بھر میں بیداری پھیلانے اور ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے علیحدہ قانون بنانے کی ہدایات جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔