کورونا ٹیسٹ کم کرانے کا دباؤ بنا رہی ہے مرکزی حکومت، راگھو چڈھا کا الزام، وزارت داخلہ نے کیا دہلی حکومت کے الزام کی تردید

عام آدمی پارٹی (عآپ) کے ترجمان راگھو چڈھا نے الزام عائد کیا کہ مرکزی وزارت داخلہ دہلی سرکار کے حکام پر راجدھانی میں کووڈ۔19 ٹسٹ نہ بڑھانے کا دباؤ بنا رہی ہے

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے ترجمان راگھو چڈھا نے الزام عائد کیا کہ مرکزی وزارت داخلہ دہلی سرکار کے حکام پر راجدھانی میں کووڈ۔19 ٹسٹ نہ بڑھانے کا دباؤ بنا رہی ہے۔
چڈھا نے نامہ نگاروں سے کہا کہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے ہنگامی میٹنگ طلب کرکے حکام کو 20 ہزار سے بڑھا کر ہر روز 40 ہزار جانچ کا حکم دیا ہے لیکن مرکزی وزارت داخلہ کے عہدیدار دہلی سرکار کے حکام پر جانچ نہ بڑھانے کا نفسیاتی دباؤ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیرصحت ستیندر جین نے مرکزی حکومت کے داخلہ سکریٹری کو خط لکھ کر مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ کے حکم کے مطابق ہر روز چالیس ہزار ٹسٹ بڑھنے دیا جائے۔
ترجمان نے سوال کیا کہ مرکزی حکومت دہلی میں کورونا وائرس جانچ میں اضافہ کیوں نہیں ہونے دینا چاہتی ہے ۔ جمہوری طور پر منتخب اکثریت کی دہلی حکومت کے عوامی مفادات کے کاموں میں کیوں مداخلت کی جارہی ہے ، کیا یہ جمہوریت اور آئین کے منافی نہیں ہے؟
چڈھا نے کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ دہلی حکومت کے افسران پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ دارالحکومت میں کورونا متاثرین کی جانچ کو کسی بھی قیمت پر مت بڑھنے نہ دیجئے ۔ مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے جانچ نہ بڑھانے کا حکم دہلی حکومت کے اعلی عہدیداروں کو دیئے جارہے ہیں۔

دہلی حکومت کا الزام بے بنیاد : وزارت داخلہ

ادھر مرکزی وزارت داخلہ نے دہلی حکومت کے الزام کی تردید کی ہے۔ وزارت داخلہ نے ٹویٹ کیا، ’’دہلی حکومت کی جانب سے 27 اگست کو وزیر صحت اور مرکزی وزارت داخلہ کے سکریٹری کو لکھے گئے خط میں یہ الزام جھوٹ اور بے بنیاد ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے دہلی حکومت کے افسران پر کورونا کے ٹیسٹ کے سیمپل کی تعداد بڑھانے سے روکنے کے لیے دباؤ بنایا گیا ہے۔ نوٹ میں محض یہ تجویز دی گئی تھی کہ دار الحکومت میں کورونا ٹیسٹ کے سیمپل کی تعداد بڑھانے کے سلسلے میں آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ اور ریپڈ اینٹیجن، جغرافیائی علاقوں اور آبادی جیسے مسائل پر ڈاکٹر وی کے پال کی صدارت والی خصوصی کمیٹی کی سفارشات کو ٹیکنالوجیکل رہنمائی کے لیے دھیان میں رکھا جائے‘۔‘‘
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ اس طرح کے الزام کہ وزارت، دہلی حکومت پر قومی دار الحکومت میں کورونا سیمپل کا ٹیسٹ نہ بڑھانے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے‘ مکمل بے بنیاد ہے۔