شمالی بہار کے بزرگ عالمِ دین، ادارہ دعوۃ الحق کے بانی مولانا امین اشرف قاسمی کا انتقال

سیتامڑھی: شمالی بہار کے بزرگ عالم دین مولانا امین اشرف قاسمی کا آج مختصر علالت کے بعد ان کے آبائی گاؤں مادھوپور سلطانپور ضلع سیتامڑھی میں انتقال ہوگیا ۔ موصوف دارالعلوم دیوبند کے قدیم اور جید فاضل تھے، انھوں نے قابل قدر دینی، علمی و دعوتی خدمات انجام دیں اور مختلف موضوعات پر کئی اہم کتابیں انھوں نے یادگار چھوڑی ہیں ۔ مولانا کا ایک بڑا کارنامہ شمالی بہار کے نسبتاً پسماندہ اور علمی اعتبار سے پچھڑے ہوئے علاقے میں ایک اہم دینی ادارے کا قیام ہے ۔ انھوں نے ذاتی جدوجہد اور کاوش سے اس ادارے کو ایک مکتب سے مرکزی تعلیم گاہ میں بدل دیا اور آج ادارہ دعوة الحق شمالی بہار کے چند گنے چنے مدارسِ اسلامیہ میں شمار ہوتا ہے جہاں دینیات اور حفظ سے لے کر عربی درجات تک کی تعلیم دی جاتی ہے ۔ مولانا پچھلے کچھ دنوں سے اپنے وطن میں ہی مقیم تھے، جہاں ان کا انتقال ہوا ہے ۔