لدھیانہ: (معراج عالم) اردو زبان کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے پنجاب کے سینئر پولیس آفیسر فیاض فاروقی (IPS) کی لکھی اردو شاعری کی کتاب اعتراف کرتے ہوئے آج پنجاب سرکار نے ساحر لدھیانوی ایوارڈ 2020 سے نوازا۔ ان کی کتاب ”کچھ چراغ مدھم سے…! کو پنجاب بھر کے اردو شاعروں میں سے بہترین شاعری کی کتاب کا انتخاب کیا گیا۔ آ ج اس سلسلے میں پنجاب سرکار کی طرف سے بھاشا وبھاگ پٹیالہ میں ایوارڈ سماروہ کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر ایجوکیشن منسٹر تریپت راجندر سنگھ باجوہ نے فیاض فاروقی کو اردو کا بہترین شاعری کا ایوارڈ دیا۔ اس ایوارڈ میں 21000 روپے نقد، شال اور توصیف نامہ شامل ہیں۔
اس موقعہ پر شاعر فیاض فاروقی نے کہا کہ میری اردو شاعری کی کتاب کو ساحر لدھیانوی ملنا میرے لئے فخر کی بات ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ہند ی اور اردو کو اپنے جگر پارے بنائے رکھا ہے اور انسانیت کو اپنی شاعر ی کا مقصد بنایا ہے۔ فیاض فاروقی نے ساری دنیا کے شاعروں اور ادیبوں سے اپیل کی کہ اس انسانیت کے جذبے کو فروغ دیں اور ہندوستانی تہذیب کو مضبوط بنائیں،جس کی بنیاد محبت قربانی اور ایثار ہے، اور جس کا پیغام ساحر لدھیانوی نے دیا تھا۔
شاعر فیاض فاروقی نے کہا کہ اردو زبان پنجاب کی گنگا جمنی تہذیب کی دین ہے جو آج بھی ہرریاست میں بولی اورسمجھی جا تی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بی زبان کسی خاص مذہب،فرقے یا ذات کی جاگیر نہیں ہوتی ہے، جوبھی اسے بولے،سمجھے اور لکھے اسی کی ہوتی ہے ،اس لئے ملک کی تمام زبانوں کا احترام کیا جانا چاہئے۔
قابل ذکر ہے کہ فیاض فاروقی کی اردو شاعری عوام کی نہ صرف ترجمانی کرتی ہے بلکہ ان کی شاعری میں عوام الناس اپنے دلی جذبات اور احساسات کو محسوس کرتے ہیں۔ آپ کے اشعار ہندی اور اردو دونوں زبانوں کے لوگوں میں احساسات، محسوسات، جذبات، دکھ – سکھ، غم و ملال، جرأت اظہار کے ساتھ ماضی کے تجربات اور مستقبل کے لائحہ عمل کے لئے مشعل راہ ثابت ہو رہے ہیں۔ یہ بھی قابل ذکر ہے کہ فیاض فاروقی اس وقت ضلع جالندھر میں آئی جی کے عہدہ پر فائز ہیں۔