کسان آج کریں گے ریلوں کا چکہ جام، ریلوے سیکورٹی کی 20 اضافی کمپنیاں تعینات

نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا 29 نومبر سے ملک گیر احتجاج جاری ہے اور بڑی تعداد میں کسان دہلی کی سرحدوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ آج یعنی 18 فروری کو اسی احتجاج کے تحت ملک گیر ریل روکو مہم چلائی جا رہی ہے۔ ریل روکو مہم کے تحت دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک چکہ جام کیا جائے گا۔
کسانوں کی ریل روکو مہم کے پیش نظر ریلوے نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں تاکہ کسان مظاہرین کسی طرح کی رخنہ اندازی نہ کریں۔ ریلوے پروٹیکشن اسپیشل فورسز کی 20 اضافی کمپنیوں کی تعیناتی کی گئی ہے۔
کسانوں کا اعلان ہے کہ ’’نئے زرعی قوانین کے خلاف ملک بھر میں ٹرینوں کے پہیے روکے جائیں گے۔ دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک ملک بھر میں ’ریل روکو مہم‘ چلائی جائے گی۔‘‘ قابل غور بات یہ ہے کہ پچھلی بار جب کسان لیڈروں نے ملک گیر ’چکہ جام‘ کا اعلان کیا تھا تو کچھ ریاستوں مثلاً یوپی، اتراکھنڈ اور دہلی-این سی آر کو اس سے چھوٹ دی گئی تھی، لیکن ریل روکو مہم سے کسی بھی ریاست کو چھوٹ نہیں دی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریلوے نے حفاظتی انتظامات سخت کرتے ہوئے ریلوے پروٹیکشن اسپیشل فورسز کی 20 اضافی کمپنیوں کی تعیناتی کی ہے۔