مفتی عبد الحلیم رضوی کا انتقال عظیم خسارہ ۔ اپنی خدمات کی وجہ سے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے: شمس تبریز قاسمی

سیتامڑھی: ( ثاقب رضا) معروف عالم دین حضرت مولانا مفتی عبد الحلیم رضوی نور اللہ مرقدہ کی وفات ملت اسلامیہ کا ناقابل نقصان ہے اور اپنی ہمہ جہت علمی خدمات کی بنیاد پر وہ ہمیشہ یاد رکھیں جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہارملت ٹائمز کے چیف ایڈیٹر اورپریس کلب آف انڈیا کے ڈائریکٹر شمس تبریزقاسمی نے ایک پریس ریلیز جاری کرکے کیا ۔مفتی مرحوم کے تعلق سے اپنی قلبی تعلقات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ حضرت مولانا مفتی عبد الحلیم رضوی صاحب نور اللہ مرقدہ علم وعمل کی سراپا تصویر اور زہد وتقوی کا مجسم نمونہ تھے ۔ آپ کی ہمہ جہت خدمات میں تعلیم کا فروغ اور دینی اداروں کا قیام سر فہرست ہے ۔ آپ نا گپور مہاراشٹرا میں قیام پذیر رہتے تھے اور وہیں آپ علم کی شمع روشن کئے ہوئے تھے لیکن اپنے آبائی وطن سیتامڑھی کو کبھی آپ نے فراموش نہیں کیا ۔ نانپور بلاک میں واقع اپنے گاﺅں دردی میں آپ نے جامعہ ضیائیہ فیض الرضا نام سے مدرسہ قائم کیا جس کی علاقہ میں شناخت اور پہچان ہے ۔ درس نظامی کی مکمل تعلیم دی جاتی ہے ۔ مدرسہ کی عمارت بھی انتہائی خوبصورت اور دیدہ زیب ہے ۔ حال ہی میں یہاں ایک شاندار مسجد کی بھی تعمیر ہوئی ہے ۔ لب سڑ ک ہونے کی وجہ سے یہ مدرسہ ہر ایک کی توجہ اپنی جانب مبذول کراتاہے ۔
مفتی عبد الحلیم رضوی صاحب کی ایک خصوصیت یہ بھی تھی کہ آپ مسلکی ہم آہنگی کے علمبردار تھے ۔ سب کو ساتھ لیکر چلتے تھے ۔ کسی طرح کی تفریق اور بھید بھاﺅ کو پسند نہیں کرتے تھے ۔ مسلمانوں کے مسائل اور ملت اسلامیہ کے تئیں ان کی فکر مندی تھی ۔ ان کی وفات اہل علم اور خاص طور پر سیتامڑھی کیلئے ایک بڑا خسارہ ہے ۔ اللہ تعالی مفتی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔