دہلی بارڈر پر ’یوم سیاہ‘ منانے کے لئے کسان مالوہ سے روانہ

موگا: مرکز کی طرف سے بنائے گئے تین مرکزی زرعی قوانین کے خلاف مشترکہ کسان مورچہ کے 26 مئی کو ’یوم سیاہ‘ منانے کے مدنظر 40 سے زیادہ کسان یونینوں سے منسلک کسان مالوا سے دہلی کے لئے روانہ ہوچکے ہیں۔ بھارتیہ کسان یونین ایکتا اگراہاں کے جنرل سکریٹری سکھدیو سنگھ کوکوری نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ دہلی میں احتجاجی مظاہرہ کے علاوہ یہاں کسان کنبہ اپنے گھر کے باہر سیاہ جھنڈا پھیرا کر اپنا احتجاج درج کرائیں گے۔ کوکری نے یہ بھی کہا کہ کسانوں میں اس مظاہرہ کو دس مرکزی ٹریڈ یونینوں سمیت مختلف دیگر یونینوں اور تنظیمیں حمایت دے رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ ان کی یونین نے 28 مئی سے پٹیالہ میں تین روزہ احتجاجی مظاہرہ کا فیصلہ کیا ہے جو کووڈ۔19 بحران سنبھالنے میں ریاستی حکومت کی ناکامی اور ریاست میں لگائی گئی پابندیوں کے خلاف ہوگا۔