سابق آئی اے ایس افسر انوپ چندر پانڈے الیکشن کمشنر مقرر، الیکشن کمیشن کا پینل مکمل

وزارت قانون و انصاف نے بدھ کے روز بتایا کہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے 1984 بیچ کے اتر پردیش کیڈر کے سابق ​​آئی اے ایس افسر پانڈے کو الیکشن کمشنر مقرر کیا ہے۔
نئی دہلی: اتر پردیش کے چیف سکریٹری رہ چکے ڈاکٹر انوپ چندر پانڈے کو ملک کا نیا الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ انوپ چندر 1984 بیچ کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کے افسر ہیں اور انہیں سول سروسز کا 37 سال کا تجربہ ہے۔ اسی کے ساتھ الیکشن کمیشن کا پینل بھی مکمل ہو چکا ہے کیونکہ تینوں کمشنروں کی تقرری کی جا چکی ہے۔
وزارت قانون و انصاف نے بدھ کے روز بتایا کہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے 1984 بیچ کے اتر پردیش کیڈر کے سابق ​​آئی اے ایس افسر پانڈے کو الیکشن کمشنر مقرر کیا ہے۔ وزارت کے مطابق گزشتہ دیر شام اس بابت وزارت قانون و انصاف کے محکمہ قانون کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ انوپ چندر پانڈے کی تقرری عہدہ سنبھالنے کے دن سے عمل میں آئے گی۔
سال 2018 میں اتر پردیش کے چیف سکریٹری مقرر ہونے والے انوپ چندر اگست 2019 تک اس عہدہ پر فائز رہے تھے۔ ان دنوں وہ این جی ٹی میں یوپی نگرانی کمیٹی کے رکن ہیں۔ اس سے قبل انوپ چندر اتر پردیش میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
انوپ چندر پانڈے کی تقرری کے بعد الیکشن کمیشن میں ارکان کی تعداد ایک مرتبہ پھر تین ہو گئی ہے۔ سنیل اروڑا کی مدت کار ختم ہونے کے بعد سال 2021 میں الیکشن کمشنر سشیل چندرا کو یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ وہیں ریٹائرڈ آئی اے ایس راجیو کمار تیسرے الیکشن کمشنر ہیں۔