پٹنہ: امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے مولانا سجاد میموریل اسپتا ل امارت شرعیہ میں کووڈ۔19ویکسی نیشن کے آغاز کے موقع پرعوام و خواص سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا سے تحفظ کے لیے ویکسین ضرور لیں ۔انہوں نے کہا کہ بیماری اور شفا اللہ تعالیٰ ہی پیدا کرتا ہے ، اللہ تعالیٰ نے جو بھی بیماری پیدا کی ہے ، اس کا علاج بھی پیدا کیا ہے ۔ یہ الگ بات ہے کہ انسانوں کو اس علاج کو دریافت کرنے میں کبھی کبھی کچھ عرصہ لگ جا تا ہے ۔ کورونا بیماری کا علاج بھی ڈھونڈھنے میں ماہرین کو وقت لگا ، لیکن ماہرین نے اب اس کا علاج دریافت کر لیا ہے اور مختلف ممالک نے اس سے بچاو کے لیے ویکیسن بنا لیے ہیں اور اپنے عوام تک پہونچا رہے ہیں ، ہمارے ملک میں بھی الحمد للہ کورونا کے دو ویکیسن بن چکے ہیں اور کامیاب تجربہ کے مراحل سے گذر کر لوگوں کو لگائے جا رہے ہیں، ماہرین کے مطابق دونوں ویکسین کووی شیلڈ اور کو ویکسین دونوں محفوظ ہیں اور اس کو لگانے میںکوئی خطرہ نہیں ہے ۔ علاج کا اختیار کرنا بھی شریعت کا حکم ہے، اس لیے ماہرین اطبائ کے مشورے کے مطابق ویکیسن لینا چاہئے ۔
الحمد للہ امارت شرعیہ کے مطالبہ ہر حکومت نے امارت شرعیہ کے مولانا سجاد میموریل اسپتال کو بھی کووڈ۔19ویکسی نیشن کا سنٹر بنا دیا ہے ۔اس سے قبل پانچ جون۲۰۲۰کو کورونا ویکسی نیشن بیداری مہم کے تحت مولانا سجاد میموریل اسپتال میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا تھا، جس میں مقامی ایم ایل اے کے علاوہ حکومت کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے تھے ،اس موقع پر جناب قائم مقام ناظم امارت شرعیہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ مولانا سجاد میموریل اسپتال کو ٹیکا کاری کا سنٹر بنا یا جائے، اس کے بعد مورخہ ۱۹؍ جون کو ڈی ایم پٹنہ کے ذریعہ بلائی گئی ورچوئل میٹنگ میں بھی جناب قائم مقام ناظم صاحب نے امار ت شرعیہ کے اسپتال کو کووڈ۔19ٹیکاکاری کا سنٹر بنانے کی بات رکھی۔ امارت شرعیہ کی اس پہل کو قبول کرتے ہوئے سرکار نے مولانا سجاد میموریل اسپتال میں ٹیکاکاری کا نظم کر دیا ہے ، جہاں مفت ویکیسن لگائی جائے گی۔
اس موقع پر اسپتال کے سکریٹری جناب مولانا سہیل احمد ندوی نے کہا کہ سماج کے ہر طبقہ کو بہتر طبی سہولت پہونچے اور ٹیکاکاری کا فائدہ گاؤں گاؤں تک پہونچے اس کے لیے امارت شرعیہ پر عزم ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایم ایس ایم اسپتال امارت شرعیہ میں سنیچر سے جمعرات صبح دس بجے سے سہ پہر تین بجے تک ویکسین لگایا جائے گا۔جمعہ کو سنٹر بند رہے گا۔ویکسی نیشن پروگرام کے آغاز کے موقع پر اسپتال کے ایڈمنسٹریٹر فیاض اقبال اور معاون اعجاز احمد موجود تھے۔