وزیر اعظم کی رہائش پر ہونے والی میٹنگ کو لے کر ہر طرف چہ می گوئیاں ہو رہی ہیں۔ گپکار اتحاد نے بھی میٹنگ کے لیے اپنا ایشو طے کر لیا ہے۔
دہلی میں جمعرات (24 جون) کو پی ایم مودی کے ساتھ ہونے والی کل جماعتی میٹنگ کو لے کر جموں و کشمیر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پی ایم مودی کی اس میٹنگ میں شرکت کے لیے جموں و کشمیر کی سرکردہ جماعتوں کے اہم لیڈران کو مدعو کیا گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کچھ اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔ میٹنگ کو دیکھتے ہوئے جموں و کشمیر انتظامیہ سرحد سے لے کر شہروں تک جوانوں کو الرٹ کر دیا ہے اور امکان یہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 24 جون کو پورے علاق میں انٹرنیٹ سروس بند کر دیا جائے گا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق میٹنگ میں شرکت کے لیے محبوبہ مفتی سمیت کچھ لیڈران کشمیر سے دہلی پہنچ چکے ہیں اور کئی لیڈران پہنچنے والے ہیں۔ میٹنگ کو دیکھتے ہوئے جموں و کشمیر میں سیکورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور اضافی جوانوں کو ہر ضلع میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ آئی بی اور ایل او سی پر جوانوں کو الرٹ رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔ خطہ میں افواہ نہ پھیلے اسے دیکھتے ہوئے انٹرنیٹ خدمات کو بند کرنے کا اعلان بھی کل کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم کی رہائش پر ہونے والی میٹنگ کو لے کر ہر طرف چہ می گوئیاں ہو رہی ہیں۔ گپکار اتحاد کی طرف سے میٹنگ کے لیے اپنا ایشو طے کر لیا گیا ہے۔ طویل مدت سے دہلی میں جموں و کشمیر کے حالات کو لے کر میٹنگوں کا سلسلہ چل رہا تھا۔ اس کے بعد ہفتہ کو فیصلہ لیا گیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ ریاستی لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ علاوہ ازیں چار سابق وزرائے اعلیٰ سمیت 14 لیڈروں کو میٹنگ میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے جس میں بی جے پی لیڈران بھی شامل ہوں گے۔