خاندیش اور برار کے علاقوں میں اصلاح معاشرہ کمیٹیوں کا قیام
مورخہ ۲۶؍جون اتوار کے روز گیارہ بجے خانقاہ رحمانیہ مسجد ہدایت الاسلام مالیگاؤں میں اصلاح معاشرہ کمیٹی انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں آکولہ ، بلڈانہ ، امراوتی، واشم ، جلگاؤں سے علماء کرام اور سرکردہ حضرات شریک ہوئے ۔ اس میٹنگ میں اب تک کے کاموں کی کارگزاری لی گئی اور آئندہ کاموں کا لائحہ عمل طے کیا گیا، الحمدللہ! آسان اور مسنون نکاح مہم کے سلسلے میں بھی بڑی اچھی اور حوصلہ افزا کارگزاریاں سامنے آئیں، اس موقع پر مختلف علاقوں کے علماء کرام اور سرکردہ افراد کو اہم ذمہ داریاں بھی دی گئیں، چنانچہ علاقہ برار کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کے نگراں مفتی فیروز خان قاسمی صاحب مقرر کیے گئے جبکہ کنوینر کی ذمہ داری مولانا محمود بیگ صاحب اشرفی گزشتہ دو برسوں سے بخوبی انجام دے رہے ہیں، اسی طرح خاندیش کی ذمہ داری مولانا نور محمد صاحب اشاعتی کے سپرد کی گئی، مولانا نثار احمد جاوید ندوی صاحب کو آکولہ ،مولانا مبشر خان صاحب کو ضلع امراوتی، مفتی سلمان صاحب کو شہر امراوتی، مفتی نورالاسلام صاحب کو ضلع جلگاؤں، مفتی ابوذر صاحب کو ملکا پور ، مولانا محمد آصف صاحب مظاہری کو ضلع واشم کا کنوینر نامزد کیا گیا ، جبکہ مولانا عرفان صاحب کو علاقہ برار کا آرگنائزر منتخب کیا گیا ۔اسی طرح مذکورہ بالا تمام علاقوں میں معاون کنوینرس بھی متعین کیے گئے ہیں۔
اس میٹنگ میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری اور اصلاح معاشرہ کمیٹی کے کل ہند کنوینر حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ملک کے مسلمانوں کا متحدہ پلیٹ فارم ہے،اس کے قیام کا بنیادی مقصد تحفظ شریعت، وحدت ملت اور اصلاح امت ہے، بورڈ اپنے قیام سے لے کر اب تک کامیابی کے ساتھ ساتھ ان محاذوں پر اپنی خدمات انجام دے رہا ہے ، انہوں نے بتایا کہ بورڈ کا ایک اہم شعبہ اصلاح معاشرہ بھی ہے جس کے ذریعہ بڑے پیمانے پر اصلاحی سرگرمیاں انجام پا رہی ہیں۔ گزشتہ دنوں اصلاح معاشرہ کمیٹی کے زیراہتمام ملک بھر میں اہتمام کے ساتھ آسان اور مسنون نکاح مہم چلائی گئی ، ملک کے مختلف صوبوں اور علاقوں میں قائم اصلاح معاشرہ کمیٹیوں کے ذمہ داران نے اس مہم میں بھرپور طریقے سے حصہ لیا جس کے بڑے اچھے نتائج و ثمرات سامنے آئے، اور مختلف علاقوں میں بغیر جہیز کے مسنون طریقہ پر نکاح کی تقاریب منعقد ہوئیں۔فی الوقت بھی اصلاح معاشرہ کمیٹیاں اپنے اپنےعلاقوں میں اصلاحی کاموں میں سرگرم ہیں ، اور ان کمیٹیوں کے ارکان اخلاص و اہتمام کے ساتھ اصلاحی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔گزشتہ کل کی میٹنگ کا مقصد بھی یہی تھا کہ علاقہ برار اور خاندیش میں اصلاحی سرگرمیاں تیز کی جائیں۔ امید ہے کہ آنے والے دنوں میں ان کمیٹیوں کے ذریعے مذکورہ علاقوں میں وسیع پیمانے پر اصلاحی کوششیں انجام پائیں گی !






