پاک۔آسٹریلیادوسراٹیسٹ تیسرادن:اظہرعلی کا دوہراوار

پاک۔آسٹریلیادوسراٹیسٹ تیسرادن:اظہرعلی کا دوہراوار
آسٹریلیائی سرزمین کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کا سب سے بڑاانفرادی اسکور
پہلی اننگ443رن پرڈکلیئرکی،وارنر کی طوفانی سنچری سے آسٹریلیا مضبوط
عثمان خواجہ سنچری کی جانب گامزن،2وکٹ پر278رنز بنائے
میلبورن،(ملت ٹائمز؍آئی این ایس انڈیا)
پاکستان کے بلے بازاظہر علی کی ڈبل سنچری کے بعد ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن کے نتیجہ کی امید زندہ رکھی۔وارنر نے 143گیندوں میں 144رنز کی اننگز کھیلنے کے علاوہ عثمان خواجہ(ناٹ آؤٹ 95)کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 198رن جوڑے جس سے آسٹریلیا نے دن کا کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگزمیں دو وکٹ پر 278رنز بنائے۔اس سے پہلے اظہر علی(ناٹ آؤٹ 205)نے آسٹریلیا میں پاکستان کے کسی بھی بلے باز کی طرف سے سب سے زیادہ اسکور بنایا۔انہوں نے میلبورن میں 44سال پہلے ماجد خان کے 158رنز کے پاکستانی بلے باز کے سابقہ بہترین انفرادی اسکور کو پیچھے چھوڑا لیکن جب وہ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر کسی غیر ملکی بلے باز کے سب سے زیادہ سکور سے تین رنز پیچھے تھے تب مصباح الحق نے نو وکٹ پر 443رنز پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔اس میدان پر کسی غیر ملکی بلے باز کا سب سے زیادہ اسکور 208رنز ہے جو ویوین رچرڈز کے نام درج ہے۔اظہر تقریبا 10گھنٹے کریز پر رہے اور اپنی اننگز کے دوران انہوں نے 364گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 20چوکے مارے۔آسٹریلیا کی ٹیم اس طرح اب صرف 165رنز سے پیچھے ہے جبکہ اس کے آٹھ وکٹ باقی ہیں۔دن کا کھیل ختم ہونے پر کپتان سٹیو سمتھ 10رنز بنا کر خواجہ کا ساتھ نبھا رہے تھے۔وارنر نے ایم سی جی پر باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں اپنی پہلی اور کل 17ویں سنچری لگائی۔وارنر تاہم 81رنز کے اسکور پر خوش قسمت رہے جب وہاب ریاض کی 150کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آئی گیند پر بولڈ ہو گئے لیکن اس تیز گیند باز کا ٹانگ وکٹ سے باہر نکل گیا اور امپائر نے اسے نوبال قرار دیا۔ریاض نے بالآخر 63رنز بعد وارنر کو آؤٹ کیا جب امپائر کے ناٹ آؤٹ دینے پر پاکستان ٹیم نے ریفرل کیا اور گرم اسپاٹ اور سنکومیٹر کے ذریعے تصدیق ہوئی کہ گیند بلے کا کنارہ لے کر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے دستانے میں گئی۔وارنر نے اپنی اننگز میں 17چوکے اور ایک چھکا لگایا۔انہوں نے اس دوران ٹیسٹ کرکٹ میں 5000رنز کے اعداد و شمار کو بھی پار کیا۔آسٹریلیا نے چائے سے پہلے واحد وکٹ میٹ رینشا کا گنوایاجو10رنزبنانے کے بعد اسپنر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔اس سے پہلے صبح کے سیشن میں پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 123رن جوڑے۔اظہر اور ٹیم میں واپسی کرنے والے فاسٹ بولر سہیل خان(65)نے آٹھویں وکٹ کے لئے 118رن کی شراکت کی۔پہلے سیشن میں آؤٹ ہونے والے واحد بلے باز محمد عامر رہے جنہوں نے 27گیندوں میں 29رن بنانے کے بعد مچل سٹارک کی گیند پر وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کو کیچ تھمایا۔عامر نے اپنی اننگز میں6 چوکے لگائے اور اظہر کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لئے 49رن جوڑے۔راحت علی کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے سہیل نے آف اسپنر ناتھن لیون پر چار چھکے مارے،وہ چائے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔انہوں نے 65گیندوں کی اننگز میں 6 چوکے بھی مارے۔اظہر نے اس کے بعد سٹارک کی گیند پر دو رنز کے ساتھ 362گیند میں ڈبل سنچری مکمل کی۔اظہر نے 56ویں ٹیسٹ میں اپنی 12ویں سنچری لگائی اور اس سال اپنے ٹیسٹ رنز کی تعداد کو 1155تک پہنچایا۔اکتوبر میں انہوں نے دبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ناقابل شکست 302رنز کی اننگز کھیلی تھی اور دن رات ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری جڑنے والے پہلے بلے باز بنے تھے۔اگلے اوور میں جوس ہیزل وڈ کی گیند پر وہاب ریاض(01)نے اس تیز گیند باز کو واپس کیچ تھمایا جس کے بعد مصباح نے اننگز کا ڈکلیئر کر دی۔

SHARE